بنگلورو: کرناٹک کابینہ نے گورنر سے ایچ ڈی کمار سوامی کیخلاف مقدمہ چلانے کی اجازت مانگی ۔ کرناٹک کابینہ نے گورنر تھاور چند گہلوٹ کو ایک ایڈوائیزری بھیجی ہے جس میں ان سے مرکزی وزیر ایچ ڈی کمار سوامی اور بی جے پی کے تین دیگر رہنماؤں کے خلاف مقدمہ چلانے کی اجازت دینے کو کہا گیا ہے ۔ کابینہ کے مطابق ان تمام کیخلاف بدعنوانی سے متعلق معاملات کی تحقیقات جاری ہے اور ان میں سے کچھ کے خلاف سرکاری ایجنسیوں کے ذریعہ چارج شیٹ بھی داخل کی گئی ہیں ۔یہ دوسری بار ہے جب کرناٹک کی سدا رامیا حکومت کی کابینہ نے ایک خط بھیجا ہے ،بدعنوانی کے معاملات پر گورنر کو مشورہ دیا ہے ۔تین ہفتے قبل کابینہ نے ان سے کہا تھا کہ وہ میسور اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی معاملہ میں سدا رامیا کے خلاف اپنا وجہ بتاؤ نوٹس واپس لیں ۔ کابینہ نے گورنر سے کہا کہ وہ جنتادل ( سیکولر) کے رہنما کی طرف سے دائر نوٹس کو واپس لے لیں اور مرکزی وزیر کمار سوامی اور جارندن کیخلاف مقدمہ چلانے کی اجازت دیں ۔ ان دونوں کے خلاف چارج شیٹ بھی داخل کردی گئی ہے ۔ بی جے پی کے سابق وزراء ششی کلا جولے اور مرگیسن نیرانی کے معاملہ میں بھی تحقیقات مکمل ہوچکی ہیں ۔ اس معاملہ پر تفصیلی معلومات دیتے ہوئے کرناٹک کے وزیر قانون ایچ کے پاٹل نے کہا کہ گورنر کو چیف منسٹر سدارامیا کے معاملہ میں کچھ لوگوں کی طرف سے شکایت ملی تھی ۔ اس کے بعد انہوں نے شام کو وزیر اعلیٰ کو وجہ بتاؤ نوٹس بھیجا تھا لیکن ان لیڈروں کے خلاف دو معاملات کی تحقیقات کی گئی اور دو معاملات میں چارج شیٹ بھی داخل کی گئی ہے ۔