کلابرگی( کرناٹک ) ۔6 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کے باغی ایم ایل اے امیش جادھو نے چہارشنبہ کو ایک ریالی کے دوران بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی اور دو دن قبل اسمبلی سے بھی استعفیٰ دے دیا اور کہا کہ وہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں سینئر کانگریس قائد ملکارجن کھرگے کا مقابلہ کریں گے ۔ جادھو نے بی جے پی ریالی میں وزیراعظم نریندر مودی کی آمد سے قبل سابق چیف منسٹر بی ایس یدی یورپا ،جگدیش شٹر کی موجودگی میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی ۔ بی جے پی ذرائع کے مطابق گلبرگہ پارلیمنٹ نشست سے جادھو کو ٹکٹ دیا جائے گا تاکہ وہ کھرگے نومرتبہ ایم ایل اے اور دو مرتبہ لوک سبھا رکن رہے ہیں کے خلاف لڑیں ۔ کھرگے کو کبھی بھی انتخابات میں شکست کا سامنا نہیں ہوا تھا ۔ جادھو نے اسپیکر رمیش کمار کو اپنا استعفیٰ پیش کردیا تھا ۔ کانگریس نے اسپیکر سے درخواست کی تھی کہ پارٹی بغاوت قانون کے تحت جادھو اور رمیش ، بی ناگیندر اور مہیش کمار تھالی نااہل قرار دے ۔ چاروں ایم ایل ایز کئی ہفتوں سے کانگریس پارٹی کیلئے درد سر بنے ہوئے تھے اور کئی مرتبہ انہوں نے کانگریس لیجسلیچر پارٹی میٹنگ میں شرکت سے انکار کردیا تھا ۔