کرناٹک کانگریس سربراہ کو ای ڈی سمن، بیٹی کو سی بی آئی نوٹس

   

شیوموگا :کرناٹک کانگریس کے صدر ڈی کے شیوکمار نے چہارشبہ کہا کہ انہیں ای ڈی نے 24 فروری کو اس کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت دی ہے جبکہ ان کی بیٹی ایشوریہ کو سنٹرل بیوروآف انویسٹی گیشن نے نوٹس جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) اور سی بی آئی صرف اپوزیشن جماعتوں کے لیے ہیں۔ سی بی آئی نے ایشوریہ کو غیر متناسب اثاثوں کے بارے میں نوٹس جاری کیا ہے اور انہیں مختلف دستاویزات پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ایجنسیوں نے جانچ مکمل کر لی ہے اور سی بی آئی چارج شیٹ داخل کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ اس پیش رفت پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے شیوکمار نے میڈیا سے کہا میں اس کے بارے میں کچھ نہیں کرسکتا۔ تمام پیش رفت اسی وقت ہو رہی ہے۔ سی بی آئی نے میری بیٹی کو نوٹس بھیجا ہے۔ وہ کالج کی فیس جیسے معاملات سے متعلق دستاویزات مانگ رہے ہیں۔ ای ڈی نے مجھے 24 فروری کو پوچھ گچھ کے لیے بلایا ہے۔ کیا مجھے کرناٹک میں پرجادھوانی یاترا میں حصہ لینا چاہیے یا ای ڈی کے پاس جانا چاہیے؟ انہوں نے کہا ای ڈی صرف ہمارے (اپوزیشن) کے لیے موجود ہے، حکمراں پارٹی کے لیے کوئی ای ڈی اور سی بی آئی نہیں ہے۔ رہنے دیں، مجھے ضرور معلوم ہوگا کہ کیا ہوگا۔