مہاراشٹرا حکومت کی جانب سے کانگریس گارنٹی اسکیمات کیخلاف عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش:سدارامیا
بنگلورو: کرناٹک کے چیف منسٹر سدارامیا نے پیرکو کہا کہ مہاراشٹر حکومت کی جانب سے جھوٹے اشتہارات کے خلاف قانونی کارروائی پر غورکیا جا رہا ہے، جو اسمبلی انتخابات کے دوران عوام کو گمراہ کرنے کے لیے کرناٹک میں گارنٹی اسکیموں کے بارے میں شائع کیے گئے تھے۔ وہ یہاں کانکاداسا کے مجسمے پر مالا چڑھانے اورکانکا جینتی تقاریب کے دوران گلپوشی کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ سدارامیا نے الزام لگایا کہ مہاراشٹر حکومت نے کرناٹک میں نافذ گارنٹی اسکیموں کے بارے میں گمراہ کن اشتہارات شائع کیے ہیں۔ انہوں نے کہا، مہاراشٹر حکومت کے یہ گمراہ کن اشتہارات ووٹروں کو لبھانے کے مقصد سے ہیں۔ ان کے خلاف قانونی کارروائی پر غور کیا جا رہا ہے۔ چیف منسٹر نے مزیدکہا کہ ان کی حکومت گارنٹیوں کو برقرار رکھنے اور وسائل میں کرناٹک کے جائز حصے کے لیے لڑنے کے اپنے عزم کو پورا کرے گی۔ اس سے پہلے، نائب چیف منسٹر ڈی کے شیوکمار نے کہا، انہوں (بی جے پی) نے عوام کو یہ کہہ کر گمراہ کیا کہ ہم نے کرناٹک میں گارنٹی اسکیموں کو نافذ نہیں کیا۔ ہم نے وضاحت کے لیے اشتہارات دیے اور پریس کانفرنسز منعقدکیں۔کرناٹک گارنٹیوں کے نفاذ کے لحاظ سے ایک مثالی ریاست بن چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا بی جے پی نے مہم چلائی کہ ہم نے کرناٹک میں گارنٹی اسکیموں کو بالکل نافذ نہیں کیا۔ ہم نے کھلے عام پیشکش کی ہے کہ اگر کوئی کرناٹک آ کر اس کی جانچ کرنا چاہتا ہے تو ہم انتظامات کریں گے۔ اگر مہاراشٹر کے چیف منسٹر، ڈپٹی وزرائے اعلیٰ اور وزراء یہاں آنا چاہیں تو ہم انہیں گارنٹی اسکیموں کو دیکھنے کے لیے خصوصی پروازکے انتظامات کریں گے۔ سدارامیا نے مزید دعویٰ کیا کہ کرناٹک مرکزکو 4.50 لاکھ کروڑ روپے ٹیکس میں ادا کرتا ہے، لیکن بدلے میں صرف 59,000 کروڑ روپے وصول کرتا ہے تو باقی کہاں جاتا ہے؟ سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا اور مرکزی وزیر ایچ ڈی کمارا سوامی جیسے رہنماؤں کو وضاحت کرنی چاہیے کہ انہوں نے اس وقت کیوں نہیں بولا جب کرناٹک کو اس کے جائز حصے سے محروم کیا گیا۔انہوں نے کرناٹک سے تعلق رکھنے والے مرکزی وزراء پرہلاد جوشی اور کمارا سوامی پر ریاست کے مسائل حل کرنے میں ناکامی کا الزام بھی عائد کیا۔