بنگلورو/نئی دہلی: الیکشن کمیشن نے کرناٹک قانون ساز کونسل میں اگلے ماہ خالی ہونے والی سات نشستوں کے لیے پولنگ 3 جون کو کرانے کا اعلان کیا ہے ۔ کمیشن کی جانب سے منگل کو اعلان کردہ انتخابی شیڈول کے مطابق اس کا نوٹیفکیشن آئندہ منگل 17 مئی کو جاری کیا جائے گا۔کمیشن نے نامزدگیوں کے لیے منگل 24 مئی تک کا وقت رکھا ہے ۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال اگلے روز 25 مئی کو ہوگی اور 27 تاریخ تک نام واپس لیے جاسکیں گے ۔ان انتخابات میں ووٹنگ 3 جون بروز جمعہ صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک کرائی جائے گی اور اسی دن شام 5 بجے ووٹوں کی گنتی ہوگی۔کمیشن نے کہا ہے کہ ان نشستوں کے انتخاب کا عمل منگل 7 جون 2022 تک مکمل کر لیا جائے گا۔قانون ساز کونسل کی ان سات نشستوں کے لیے منتخب اراکین کی مدت 14 جون 2022 کو ختم ہو رہی ہے ۔ ان ارکان میں لکشمن سنگاپا ساودی، رامپا تما پور، ایلم ویربھدرپا، ایچ ایم رمیش گوڑا، وینا اچایا ایس، کے وی نارائنا سوامی اور لہر سنگھ سیرویا شامل ہیں۔کمیشن نے ایک ریلیز میں کہا کہ کرناٹک کے چیف سکریٹری کو ہدایت دی جارہی ہے کہ وہ ریاست کے ایک سینئر عہدیدار کو تعینات کریں تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ انتخابات کے انعقاد کے انتظامات کرتے وقت کووڈ پر قابو پانے کے اقدامات سے متعلق موجودہ ہدایات پر عمل کیا جائے ۔