بنگلورو: کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے جمعہ کو ٹیکسوں کی منتقلی میں انصاف کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر اعلیٰ نے طنزیہ انداز میں کہا کہ کسی کو دودھ دینے والی گائے کا سارا دودھ نہیں نکالنا چاہیے ورنہ بچھڑا ناکافی غذائیت کا شکار ہو جائے گا۔ کرناٹک کے 69 ویں یوم تاسیس کے موقع پر بنگلورو کے سری کانتیراوا اسٹیڈیم میں منعقدہ تقریب میں لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے سدارامیا نے کہا کہ کرناٹک کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مرکزی حکومت کو 4 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی آمدنی دے رہی ہے اور مہاراشٹرا کے بعد کرناٹک ملک کی دوسری سب سے بڑی آمدنی دینے والی ریاست ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ہم چار لاکھ کروڑ سے زیادہ ریونیو دیتے ہیں، لیکن ہمیں صرف 55 ہزار کروڑ سے 60ہزار کروڑ مل رہے ہیں۔ کنڑ لوگوں کو یہ معلوم ہونا چاہیے۔ ہمیں اپنی شراکت کا صرف 14 سے 15 فیصد مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی نظام کے تحت ناانصافی صرف اس لیے نہیں ہونی چاہیے کہ کرناٹک ترقی پسند ریاست ہے۔