کرناٹک کو راحت، سپریم کورٹ نے ٹی ڈی آر سرٹیفکیٹسسے متعلق سابقہ احکامات پر عارضی طور پر روک لگائی

   

نئی دہلی، 29 مئی (یواین آئی) سپریم کورٹ نے بنگلور پیلس گراؤنڈ سے متعلق 3,400 کروڑ روپے سے زیادہ کے ٹرانسفر ایبل ڈیولپمنٹ رائٹس (ٹی ڈی آر) سرٹیفکیٹ سے متعلق سابقہ احکامات پر عارضی طور پر روک لگا کر جمعرات کو کرناٹک حکومت کو ایک بڑی راحت دی ہے ۔جسٹس سوریہ کانت، جسٹس دیپانکر دتہ اور جسٹس این کوٹیشور سنگھ کی پارٹ ٹائم ورکنگ ڈے بنچ نے بیلاری اور جے محل روڈ کو چوڑا کرنے کے لیے بنگلور پیلس گراؤنڈ کی 15 ایکڑ سے زیادہ اراضی کے معاملے میں یہ راحت دی۔عدالت نے اس اراضی کے بدلے سری کانت دت نرسمہاراجا وڈیار اور دیگر کے قانونی وارثوں کے حق میں 3,400 کروڑ روپے سے زیادہ کے ٹی ڈی آر سرٹیفکیٹ حوالے کرنے کے سابقہ حکم پر عارضی طور پر روک لگا دی ہے ۔بنچ نے کہا کہ تمام ٹی ڈی آر سرٹیفکیٹ رجسٹری میں جمع رہیں گے اور اگر وہ جاری کیے جاتے ہیں، تو ان کا استعمال نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی کسی تیسرے فریق کو اس کا حق ملے گا۔عدالت نے حکم دیا کہ ٹی ڈی آر سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے 22 مئی کے حکم کے خلاف ریاستی حکومت کی طرف سے دائر نظرثانی کی درخواست کی سماعت 21 جولائی 2025 سے شروع ہونے والے ہفتے میں کی جائے گی۔