کرناٹک کی انتخابی مہم میں تلنگانہ اور آندھرا کے کانگریس و بی جے پی قائدین کی شمولیت

   

حیدرآباد۔/3مئی،( سیاست نیوز) کرناٹک اسمبلی انتخابات کی مہم کے اختتام کو صرف چار دن باقی ہیں اور کانگریس و بی جے پی نے تلگو رائے دہندوں کو راغب کرنے کیلئے تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے کئی قائدین کو میدان میں اُتارا ہے۔ بی جے پی نے کئی مرکزی وزراء ، ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی کو کرناٹک میں مختلف اسمبلی حلقہ جات کی ذمہ داری دی ہے۔ ٹاملناڈو، مہاراشٹرا کے قائدین کے علاوہ کرناٹک کے سابق آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں کو انتخابی مہم میں شامل کیا گیا۔ بنگلور اور اس کے اطراف کے علاقوں میں تلگو رائے دہندوں کی خاصی تعداد موجود ہے اور ان پر اثرانداز ہونے کیلئے بی جے پی اور کانگریس نے ہر ممکن مساعی شروع کردی ہے۔ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے قائدین اگرچہ انتخابی مہم میں شریک ہیں لیکن ان کی مہم کا کوئی خاص اثر دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے اور رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر لکشمن کو اسمبلی حلقہ جات کی ذمہ داری دی گئی۔ پون کلیان بھی بی جے پی کی انتخابی مہم میں شامل ہونے کی اطلاع دی گئی تھی لیکن ابھی تک پون کلیان نے باقاعدہ طور پر مہم میں شرکت نہیں کی۔ آندھرا پردیش کے سینئر کانگریسی قائد این رگھویرا ریڈی کے علاوہ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی، مدھو یاشکی گوڑ، سریدھر بابو، انجن کمار یادو، سنیتا راؤ اور دیگر قائدین کانگریس کی انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ ر

تلنگانہ کے قائدین کو کانگریس نے اہم ذمہ داریاں دی ہیں۔ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے نے تلنگانہ سے متصل اضلاع میں سہ روزہ مہم کیلئے ریونت ریڈی کو اپنے ساتھ شامل رکھا ہے۔ر