بنگلور و۔ 30 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر کرناٹک بی ایس یدی یورپا نے آج مہاراشٹرا کے اپنے ہم منصب ادھو ٹھاکرے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مہاراشٹرا غیرضروری طور پر بلگاوی کے سرحدی مسائل کو اپنے سیاسی مفادات کی تکمیل کیلئے اٹھانے کی کوشش کررہی ہے۔ کرناٹک چیف منسٹر نے آج واضح کردیا کہ ان کی حکومت ریاست کی ایک انچ زمین بھی کسی کو نہیں دے گی۔ یدی یورپا نے کہاکہ مہاجن حکومت میں اس بات کا واضح طور پر فیصلہ کیا جاچکا ہیکہ کرناٹک اور مہاراشٹرا کے درمیان پائے جانے والے سرحدی مسائل کو کیسے نمٹا جائے مگر اپنے سیاسی فائدہ کیلئے چیف منسٹر مہاراشٹرا اس مسئلہ کو ایک بار پھر اٹھاتے ہوئے عوام میں الجھن پیدا کررہے ہیں۔ یدی یورپا نے اس حرکت کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی ریاست کی ایک انچ بھی زمین دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ دونوں ریاستوں کے درمیان مختلف امور پر تنازعات کا سلسلہ جاری ہے۔ مہاراشٹرا میں ادھوٹھاکرے کی زیرقیادت نئی حکومت ابھی تشکیل پائی ہے۔