کرناٹک کی تمام اسمبلی نشستوں پر کانگریس کو مسلم لیگ کی تائید

   

انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ، سیکولر ووٹوں کی تقسیم اور بی جے پی کی شکست بنیادی مقصد

حیدرآباد۔/30 اپریل، ( سیاست نیوز) کرناٹک الیکشن میں سیکولر ووٹوں کی تقسیم اور فرقہ پرست طاقتوں کو اقتدار سے روکنے کیلئے انڈین یونین مسلم لیگ نے تمام 224 نشستوں پر کانگریس کی تائید کا اعلان کیا ہے۔ مسلم لیگ کے ریاستی صدر ایم جاوید اللہ، نائب صدر محبوب بیگ اور اسسٹنٹ سکریٹری محمد ریاض نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے قومی قائدین نے کرناٹک میں بی جے پی کو اقتدار سے روکنے اور سیکولر حکومت کی تشکیل میں مدد کیلئے کانگریس کی تائید کا فیصلہ کیا ہے۔ مسلم لیگ اگرچہ بعض حلقہ جات میں اپنا خاصہ اثر رکھتی ہے لیکن موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے ایک بھی نشست پر مقابلہ نہیں کرے گی۔ ریاستی صدر کے بموجب انڈین یونین مسلم لیگ کے قومی جنرل سکریٹری کنہال کُٹی نے راہول گاندھی اور ہائی کمان کے دیگر قائدین سے ملاقات کے بعد یہ فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں عام آدمی پارٹی، جنتا دل سیکولر، بی ایس پی اور ایس ڈی پی کے مقابلہ کی صورت میں سیکولر ووٹ تقسیم ہوسکتے ہیں۔ فسطائی طاقتوں کو شکست دینے کا واحد طریقہ کار یہ ہے کہ سیکولر رائے دہندے بالخصوص مسلمان متحدہ طور پر کانگریس کے حق میں ووٹ کا استعمال کریں۔ جاوید اللہ کے بموجب کرناٹک چناؤ کے بارے میں تمام سروے کانگریس کی کامیابی کے حق میں ہیں۔ انٹلیجنس کی رپورٹ میں کانگریس کو 150 نشستوں کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس برسراقتدار آنے پر کارپوریشنوں
اور میونسپلٹیز میں مسلم لیگ مفاہمت کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں مسلم لیگ قائدین نے کہا کہ جنتا دل سیکولر کے برسراقتدار آنے کے کوئی امکانات نہیں ہیں۔ جنتا دل سیکولر نے مفاہمت کا پیشکش کیا تھا لیکن کرناٹک کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے کانگریس کی تائید کا فیصلہ کیا گیا اور یہ تائید مکمل طور پر غیر مشروط ہے۔ کرناٹک میں فسطائی طاقتوں نے مسلمانوں کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ 4 فیصد مسلم تحفظات ختم کردیئے گئے۔ مسلم لیگ قائدین نے دیگر سیکولر پارٹیوں سے اپیل کی کہ وہ ووٹوں کی تقسیم کو روکنے کیلئے کانگریس کے حق میں اپنے امیدواروں کو دستبردار کرلیں۔ اُترپردیش، بہار اور دیگر ریاستوں میں سیکولر ووٹوں کی تقسیم کا بی جے پی کو راست فائدہ ہوا ہے۔ مسلم لیگ کرناٹک میں بی جے پی کے زوال کیلئے کام کرے گی۔ر