کرناٹک کی خاتون وزیر کے خلاف ’ اضافی پیگ شراب ‘

   

ریمارک سے تنازعہ سابق بی جے پی رکن اسمبلی پر تنقید

بنگلورو : کرناٹک میں ایک سابق بی جے پی رکن اسمبلی نے ریاستی وزیر بہبودی خواتین و اطفال لکشمی ہیبلکر کے تعلق سے ’ ایک پیگ زیادہ شراب ‘ کا ریمارک کرتے ہوئے ایک بڑا تنازعہ پیدا کردیا ہے ۔ بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی سنجے پاٹل نے پارٹی ورکرس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کیلئے کرناٹک میں خواتین کی تائید و حمایت میں اضافہ ہوا ہے جس سے لکشمی ہیبلکر کو پریشانی لاحق ہے ۔ لکشمی ہیبلکر کے فرزند مرنال لوک سبھا حلقہ بیلگاوی سے مقابلہ کر رہے ہیں۔ پاٹل نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ لکشمی ہیبلکر کو خواتین میں بی جے پی کی بڑھتی مقبولیت کی وجہ سے اچھی نیند نہیں آئے گی ۔ ان کیلئے رمیش جرکی ہولی کا انتخابی مہم میں حصہ لینا فکر کی بات ہے ۔ انہیں اچھی نیند کیلئے یا تو ایک نیند کی گولی لینی ہوگی یا پھر ایک اضافی پیگ شراب پینی ہوگی ۔ مسٹر جرکی ہولی کو 2021 میں ایک بڑے اسکینڈل کا سامنا تھا جب مقامی نیوز چینلس نے ایک سی ڈی نشر کی تھی جس میں جرکی ہولی غیراخلاقی حرکتیں کرتے ہوئے دکھائی دئے تھے ۔ لکشمی ہیبلکر نے ان ریمارک پر ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے جواب دیا اور مسٹر پاٹل پر تنقید کی ۔ انہوں نے سوال کیا کہ آیا بی جے پی میں خواتین کی یہی عزت و توقیر رہ گئی ہے ؟ ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پتہ چلتا ہے کہ بی جے پی خواتین کو کس نظر سے دیکھتی ہے اور ان کا کتنا احترام کرتی ہے ۔ یہی در اصل بی جے پی کا خفیہ ایجنڈہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صرف رام رام کا نام جپنے یا بیٹی پڑھاؤ ۔ بیٹی بچاُؤ کا نعرہ دینے سے کچھ نہیں ہوتا ۔ خواتین کی عزت و توقیر کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے بتایا کہ مسٹر پاٹل ہندو کلچر کی بات کرتے رہتے ہیں ۔ انہوں نے خواتین کی جس طرح بے عزتی کی ہے وہ صرف ان کی نہیں بلکہ سارے کرناٹک کی خواتین اور سارے ملک کی خواتین کی ہتک ہے ۔