کرناٹک کی طرح تلنگانہ میں مسلم تحفظات ختم کرنے امیت شاہ کا اعلان

,

   

وزیر اعظم بننے کے سی آر کا خواب پورا نہیں ہوگا،کے سی آر چیف منسٹر کی کرسی بچالیں، چیوڑلہ میں جلسہ عام سے خطاب
حیدرآباد/23 اپریل، ( سیاست نیوز ) بی جے پی کے سینئر قائد اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اعلان کیا کہ تلنگانہ میں بی جے پی برسراقتدارآتے ہی مسلم تحفظات کو ختم کردیا جائے گا۔ انہوں نے کرناٹک کی طرح تلنگانہ میں مسلم تحفظات کو ختم کرنے کا اعلان کیا۔ امیت شاہ نے کہا کہ کرناٹک میں مسلمانوں کو غیردستوری طور پر فراہم تحفظات ختم کردیئے گئے۔ اب آئندہ تلنگانہ میں یہی ہوگا۔ چیف منسٹر کے سی آر کا وزیر اعظم بننے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا کیونکہ ملک کے عوام نے نریندر مودی کو وزیر اعظم کے طور پر ترجیح دی ہے۔ تلنگانہ میں بی جے پی کے استحکام پر توجہ دیتے ہوئے امیت شاہ نے اپنی سرگرمیوں کو تیز کردیا ۔ کرناٹک میں انتخابی مہم کے بعد امیت شاہ آج شام حیدرآباد پہنچے اور چیوڑلہ میں بی جے پی کے جلسہ عام سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر ملک کے وزیر اعظم بننے کا خواب دیکھ رہے ہیں لیکن کے سی آر کو یہ جان لینا چاہیئے کہ وزیر اعظم کی کرسی خالی نہیں ہے۔ آئندہ عام انتخابات کے بعد بھی نریندر مودی وزیر اعظم رہیں گے۔ کے سی آر وزیر اعظم بننے کا خواب دیکھنے سے پہلے چیف منسٹر کی کرسی بچالیں تو بہتر رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کو کے سی آر عوام سے دور نہیں کرپائیں گے۔ امیت شاہ نے کہا کہ کے سی آر بی آر ایس کے نام پر سیاسی سرگرمیوں کو ملک بھر میں توسیع دینا چاہتے ہیں جس کیلئے عوامی رقومات کا بھرپور اور بیجا استعمال کیا جارہا ہے۔ کار کا اسٹیرنگ مجلس کے ہاتھ میں ہے اور مجلس سے بی جے پی کبھی بھی خوفزدہ نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مجلس سے بی آر ایس حکومت خوفزدہ ہے اور اسی لئے سقوط حیدرآباد کو سرکاری طور پر منانے سے گریز کیا گیا۔ بیروزگاروں کو دھوکہ دینے کا کے سی آر پر الزام عائد کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ نوجوانوں کو دھوکہ دینے والے کے سی آر کو ایک لمحہ بھی اقتدار پر رہنے کا حق نہیں ہے۔ جو شخص امتحانات کے انعقاد میں ناکام رہے اسے کرسی پر برقرار رہنے کا حق نہیں پہنچتا۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے امتحانی پرچہ جات کے افشاء کی برسر خدمت جج کے ذریعہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ کے سی آر خاطیوں کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ بی جے پی برسراقتدار آنے پر تمام خاطیوں کو جیل بھیج دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پرچہ جات کے افشا پر کے سی آر نے ایک لفظ نہیں کہا ہے۔ وہ بیروزگار نوجوانوں کی زندگیوں سے کھلواڑ کررہے ہیں۔ نوجوانوں کے مستقبل کو تاریک کردیا گیا۔ پرچہ جات کے افشاء پر سوال کرنے والے بنڈی سنجے کو جیل بھیج دیا گیا۔ 24 گھنٹے میں بنڈی سنجے ضمانت پر رہا ہوگئے ۔ ایٹالہ راجندر کو اسمبلی میں داخلے سے روکنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ کامیاب نہ ہوسکے۔ امیت شاہ نے کہا کہ بی جے پی کارکن جیل جانے سے خوفزدہ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کو اقتدار سے بیدخل کرنے تک بی جے پی کارکن آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔ تلنگانہ میں بی جے پی برسراقتدار آتے ہی چوروں کو جیل بھیج دیا جائے گا۔ امیت شاہ نے کہا کہ کے سی آر کو پھر ایک بار کہنا چاہتا ہوں کہ بی جے پی قائدین اور کارکن جیل سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ پرچہ جات کے افشاء کی ذمہ دار حکومت کو اقتدار میں برقراری کا حق کس طرح حاصل ہوگا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے نے عوام سے اپیل کی کہ وہ تلنگانہ میں بی جے پی کو ایک مرتبہ اقتدار کا موقع دیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کسانوں کا تحفظ کرے گی اور غریبوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ سرکاری ملازمین کو ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو تنخواہ جاری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پولیس نے گرفتار کرنے کے بعد 8 گھنٹوں تک سڑک پر رکھا۔ نئی دہلی سے فون آتے ہی پولیس بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ۔ مرکزی وزیر سیاحت و کلچر کشن ریڈی، رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر لکشمن، نائب صدر بی جے پی ڈی کے ارونا، رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر، کونڈہ وشویشور ریڈی اور دوسروں نے مخاطب کیا۔ر