بنڈی سنجے کی قیادت میں بی جے پی کی مہم، بیدر اور کرناٹک اضلاع پر توجہ
حیدرآباد۔/18اپریل، ( سیاست نیوز) کرناٹک اسمبلی انتخابات میں تلگو رائے دہندوں کی تائید حاصل کرنے کیلئے بی جے پی نے تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے قائدین کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ 26 اپریل سے جاریہ ماہ کے اختتام تک کرناٹک کے ایسے اسمبلی حلقہ جات میں انتخابی مہم چلائیں جہاں تلگو بولنے والوں کی قابل لحاظ آبادی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بنگلور اور دیگر علاقوں کے10 اسمبلی حلقہ جات کی نشاندہی کی گئی جہاں تلگو رائے دہندے توازن قوت کے حامل ہیں اور ان کی تائید اور مخالفت نتائج پر اثر انداز ہوسکتی ہے۔ بنڈی سنجے کی شعلہ بیانی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بی جے پی انہیں تلنگانہ سے متصل کرناٹک کے سرحدی علاقوں میں انتخابی مہم میں شامل کرے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ رائچور ضلع کیلئے تلنگانہ قائدین کی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ بنڈے سنجے نے 26 اور 27 اپریل کو رائچور میں انتخابی مہم کی منصوبہ بندی کی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ تلگو عوام کی اکثریت کا رجحان بی جے پی کے حق میں دکھائی دے رہا ہے لہذا تلگو ریاستوں کے بی جے پی قائدین کو مہم میں اہم ذمہ داری دی جائے گی۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کرناٹک کی انتخابی مہم کی راست طور پر نگرانی کررہے ہیں اور کرناٹک کے اضلاع بیدر اور رائچور میں تلگوریاستوں کے قائدین کو تعینات کیا جائے گا۔ر