کرناٹک کے نتائج تلنگانہ میں دہرائے جائیں گے

   

کانگریس کی فتوحات کا سلسلہ دوبارہ شروع، شاد نگر میں بھٹی وکرامارکا اور دیگر کا بیان

شاد نگر ۔13 ۔ مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ ملک میں بی جے پی کا دور ختم ہوچکا ہے اور آئندہ انتخابات کے فتوحات کانگریس کے ہاتھ میں ہوں گی اور تلنگانہ میں بھی کانگریس کے نتائج دہرائے جائیں گے۔ ڈی سی سی صدر چلہ نرسمہا ریڈی اور پی سی سی جنرل سکریٹری ویرلاپلی شنکر کے ساتھ شاد نگر حلقہ کے ریگڈ چیلکامری گاؤں میں پدا یاترا کے 58 ویں دن پر منعقد ایک میڈیا کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کرناٹک سے شروع ہونے والی وجے یاترا تلنگانہ، چھتیس گڑھ اور راجستھان سے ہوتی ہوئی دہلی پہنچے گی اور لال قلعہ پر فتح کا جھنڈا لہرائے گی۔ کرناٹک کے انتخابات جمہوریت کے لیے ایک قدم آگے ہیں اور وہاں کے عوام نے جو فیصلہ دیا ہے وہ حیرت انگیز ہے۔ ملک کے لوگوں نے محسوس کیا کہ اہم رہنما راہول گاندھی کو جھوٹے مقدمہ میں پھنسانا، انہیں دو سال قید کی سزا سنانا اور سزا کے بہانے انہیں پارلیمنٹ کی رکنیت سے نااہل قرار دینا جمہوریت پر ایک بہت بڑا حملہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی جمہوریت اسی وقت ہوگی جب ملک میں حکمران جماعت اپوزیشن کا یکساں احترام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سی ایم کے سی آر جنہوں نے کہا تھا کہ ٹی آر ایس پارٹی بی آر ایس میں بدل جائے گی اور ملک کی سیاست میں اہم کردار ادا ،کرے گی۔ انہیں مہاراشٹر کے انتخابات میں مقابلہ کرنے کے لئے رقم نہیں ملی اور اگلے انتخابات میں بھی اسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑھ رہا ہے۔ تلنگانہ میں انہوں نے کہا کہ سی ایم کے سی آر کی تمام باتیں جھوٹ ہیں تلنگانہ کے لوگ اب یقین کرنے کو تیار نہیں ہیں۔انہوں نے پورے یقین کے ساتھ کہا ہے کہ اگلے چار ماہ میں کانگریس پارٹی تلنگانہ میں 100 فیصد اقتدار میں آئے گی۔ ہم حکمران جماعت کے رہنماؤں کے خلاف مکمل تحقیقات کرائیں گے اور دھرنی سکیم لانے والے اور بے قاعدگیوں کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں گے۔