کرناٹک کے نتائج ٹریلر ابھی پکچر باقی ہے : ڈاکٹر محمد سلیم

   

ملک بشمول تلنگانہ کے عوام کانگریس کو متبادل کے طور پر دیکھ رہے ہیں
حیدرآباد۔ 17 جون (راست) سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ڈاکٹر محمد سلیم نے کہا کہ کرناٹک کے نتائج ٹریلر ہیں، پکچر ابھی باقی ہے۔ تلنگانہ کے بشمول جاریہ سال ملک کی جن ریاستوں میں اسمبلی انتخابات منعقد ہونے والے ہیں، ان ریاستوں میں کانگریس حکومت قائم ہوگی۔ ساتھ ہی آئندہ سال منعقد ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں کانگریس پارٹی چونکا دینے والا مظاہرہ کرے گی۔ ڈاکٹر محمد سلیم نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ تلنگانہ میں بھی کرناٹک جیسے نتائج برآمد ہوں گے۔ عوام تبدیلی چاہتے ہیں اور کانگریس کو متبادل کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ کے سی آر کی زیرقیادت بی آر ایس حکومت تمام محاذوں پر ناکام ہوچکی ہے۔ وعدوں کو پورا کرنے بالخصوص مسلمانوں سے کئے گئے کئی وعدوں کو فراموش کردیا گیا۔ 12% مسلم تحفظات کو نظرانداز کردیا گیا۔ ریاست کا اقلیتی بجٹ ’’نام بڑے درشن چھوٹے ‘‘کے مترادف ہے۔ اقلیتوں کو معمولی قرض کی ادائیگی کیلئے سخت قواعد تیار کرتے ہوئے اقلیتوں کے جذبات کو ٹھیس پہونچایا جارہا ہے۔ اسلامک سنٹر ابھی تک تعمیر نہیں ہوا۔ درگاہ جہانگیر پیراںؒ کے ترقیاتی کام شروع نہیں ہوئے، اجمیر میں رباط کی تعمیر کو بھی فراموش کردیا گیا، بی آر ایس حکومت کی کارکردگی سے سماج کا کوئی بھی طبقہ مطمئن نہیں ہے۔ صرف کے سی آر خاندان خوش ہے، ملازمتیں فراہم کرنے میں حکومت ناکام ہوچکی ہے۔