بنگلور : کرناٹک کے وزیراعلیٰ بی ایس یدیورپا نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اشارہ دیا ہے۔ وزیراعلیٰ کی حیثیت سے دوسال کادورمکمل کرنے جارہے مسٹریدیورپا نے جمعرات کو یہاں صحافیوں سے کہا، میں اس مہینے کی 25 تاریخ کو اپنے دوسال مکمل کررہا ہوں اور پارٹی کے اعلیٰ رہنماوں کے احکامات کی تکمیل کے لئے پرعزم ہوں۔ یدیورپا نے کہا کہ بزرگ ہونے کے باوجود انہیں ریاست کا چیف منسٹر بنایا گیا اوراس کے لئے وہ وزیراعظم نریندرمودی، مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ اورپارٹی کے صدر جے پی نڈاکے شکرگزارہیں۔ انہوں نے کہا، میں آئندہ دنوں میں پارٹی تنظیم کی مضبوطی کے لئے کام کروں گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پارٹی کی ریاستی یونٹ میں کچھ طبقے ان کی بڑھتی عمر اورانتظامیہ میں ان کے کنبہ کے ممبران کی مبینہ مداخلت کاحوالہ دیتے ہوئے اقتدارکی تبدیلی کامطالبہ کررہے ہیں۔ یدیورپا نے اپنی حمایت کے لئے لنگایت برادری کا شکریہ اداکیا ہے۔