کرناٹک کے 14 باغی ارکان اسمبلی نااہل قرار

,

   

بنگلور، 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک اسمبلی کے اسپیکر کے آر رمیش کمار نے کانگریس اور جنتا دل (ایس) کے 14 باغی ممبران اسمبلی کو پارٹی بدل قانون کے تحت اتوار کو نااہل قرار دے دیا۔مسٹر رمیش کمار نے جنتا دل (ایس) کے تین ممبران اسمبلی سمیت 14 باغی ممبران اسمبلی کو فوری طورپر نااہل قرار دیا۔اس کے ساتھ ہی نااہل ممبران اسمبلی کی تعداد بڑھ کر 17 ہو گئی ہے ۔ اسمبلی اسپیکر نے گزشتہ ہفتہ کانگریس کے دو اور ایک آزاد ممبر اسمبلی کو نااہل قرار دیا تھا. ان ممبران اسمبلی کو نااہل قرار دیئے جانے کے بعد 225 رکنی اسمبلی میں کل 208 نشستیں رہ گئی ہیں. ریاست میں 14 ماہ پرانی کانگریس -جنتاادل (ایس) مخلوط حکومت گرنے کے بعد حکومت بنانے والی بھارتیہ جنتا پارٹی کے 105 رکن اسمبلی ہیں اور پارٹی کو ایک آزاد ممبر اسمبلی کی حمایت حاصل ہے ۔چیف منسٹر یدی یورپا کو اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ لینا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیر کے دن میں صدفیصد طور پر اکثریت حاصل کروں گا ۔ 17 باغی ارکان اسمبلی کو نااہل قرار دیئے جانے کے بعد 224 رکنی اسمبلی میں اب ارکان کی تعداد 207 ہوگئی ہے ۔ سادہ اکثریت کیلئے 104 ارکان کی تائید درکار ہے ۔