بی جے پی حکومت کی برقراری کیلئے 6نشستوں کا حصول لازمی ، باغیوں کو شکست دینے دیوے گوڑا کی اپیل
بنگلور۔4ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کرناٹک میں 5ڈسمبر کو منعقد شدنی ضمنی انتخابات کیلئے چلائی جارہی انتخابی مہم ختم ہونے کے ایک دن بعد جنتادل (ایس) کے سرپرست اور سابق وزیراعظم دیوے گوڑا نے آج چہارشنبہ کو رائے دہندوں پر زور دیا ہے کہ وہ باغی امیدواروں کو شکست دیتے ہوئے ریاست کرناٹک کے وقار کی برقراری کو یقینی بنائیں ۔ ایچ ڈی دیوے گوڑا نے کہا کہ ریاست کی عوام کو مکمل اختیار ہے کہ وہ نااہل قرار دیئے گئے باغی امیدواروں کو مسترد کردیں جس نے پیسے اور عہدوں کیلئے پارٹی کے وقار کو بالائے طاق رکھ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام کل منعقد ہونے والے انتخابات میں جو فیصلہ سنائیں گے اُس پر پورے ملک کی نظریں مرکوز ہیں لہذا میں رائے دہندوں سے اپیل کرتا ہوں کہ ریاست کی اقتدار اعلیٰ اور اس کے وقار کی برقراری کیلئے کسی کے بہکاوے میں آئے بغیر وہ ان باغی امیدواروں کو مسترد کردیں ۔ واضح رہے کہ کرناٹک میں کل 15 نشستوں کیلئے ضمنی انتخابات مقرر ہے ۔ اس ضمنی انتخابات میں نااہل قرار دیئے گئے 17ارکان اسمبلی میں سے 15 باغی ارکان مقابلہ کررہے ہیں ۔ جہاں بی جے پی کو 244 رکنی اسمبلی میں اکثریت قائم رکھنے کیلئے کم سے کم 6نشستوں پر کامیابی حاصل کرنا لازمی ہوگا ۔ حالانکہ بی جے پی نے ان تمام 15باغی امیدواروں کو ٹکٹ دیا ہے جن کی نااہلی کو سپریم کورٹ نے برقرار رکھتے ہوئے انہیں ضمنی انتخابات میں مقابلہ کی اجازت دے دی تھی ۔ یہ وہی امیدوار ہیں جنہیں کانگریس اور جنتادل (ایس) کی مخلوط حکومت کے دوران بغاوت کرنے کی وجہ سے جنتادل اور کانگریس کی اتحاد والی حکومت گرگئی تھی اور اس کے بعد بی جے پی کیلئے واپس اقتدار پر قبضہ کرنے کی راہ ہموار ہوگئی تھی ۔ بعدازاں اُس وقت کے اسمبلی اسپیکر کے آر رمیش کمار نے 17باغی ارکان کو قانون انسداد انحراف کے تحت نااہل قرار دے دیا تھا ۔ نااہل قرار دیئے گئے ارکان اسمبلی اپنی نااہلی کے خلاف سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا جس کے بعد ان کی درخواست پر سماعت کے بعد سپریم کورٹ نے اسپیکر اسمبلی کی جانب سے باغی ارکان کو نااہل قرار دینے کے فیصلہ کو درست قرار دے دیا تھا ۔ تاہم عدالت نے ان باغی ارکان کو ضمنی انتخابات میں مقابلہ کرنے کی اجازت دے دی تھی اور اب بی جے پی نے انہی باغیوں کو ان کے حلقہ سے ٹکٹ دے کر مقابلہ کیلئے میدان میں اتارا ہے ۔ واضح رہے کہ 15 حلقہ اسمبلی میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں سے 12ارکان کا تعلق کانگریس سے ہے جبکہ تین ارکان اسمبلی جنتادل (ایس ) سے تعلق رکھتے ہیں ۔