وزیر داخلہ محمود علی نے استقبال کیا، 7 ستمبر سے دیگر قافلوں کی مدینہ منورہ سے واپسی
حیدرآباد۔/31 اگسٹ، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ پہنچنے والے حجاج کرام کے پہلے قافلہ کا شمس آباد انٹر نیشنل ایرپورٹ پر استقبال کیا۔ پہلے قافلہ میں کرناٹک کے 420 حجاج کرام ایر انڈیا کی خصوصی پرواز کے ذریعہ جدہ سے حیدرآباد پہنچے۔ یہ قافلہ 18 جولائی کو حیدرآباد سے روانہ ہوا تھا۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی کے علاوہ صدر نشین حج کمیٹی مسیح اللہ خاں، صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم، چیف ایکزیکیٹو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی بی شفیع اللہ ( آئی ایف ایس ) کرناٹک حج کمیٹی کے رکن سید مظہر حسین اور حج کمیٹی کے ارکان نے پہلے قافلہ کے حجاج کرام کا استقبال کرتے ہوئے انہیں بحسن خوبی فریضہ حج کی تکمیل اور زیارت روضہ رسول ؐ پر مبارکباد دی۔ وزیر داخلہ محمود علی نے بتایا کہ جاریہ سال تلنگانہ حکومت نے 5 ریاستوں کے حجاج کرام کی روانگی کیلئے بہتر سے بہتر انتظامات کئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ حجاج کرام کی خدمت کو خوش نصیبی تصور کرتے ہیں اور انہوں نے ہمیشہ ہدایت دی ہے کہ اللہ کے مہمانوں کو کوئی تکلیف نہ ہونے پائے۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ کے حجاج کرام کے باقی قافلوں کی آمد کا آغاز 7 ستمبر سے ہوگا
جس میں تلنگانہ، آندھرا پردیش، کرناٹک، مہاراشٹرا اور ٹاملناڈو کے حجاج کرام مدینہ منورہ سے ایر انڈیا کی پروازوں کے ذریعہ حیدرآباد پہنچیں گے۔ 22 قافلوں کے ذریعہ تقریباً 8300 حجاج کرام کی واپسی 15 ستمبر کو مکمل ہوجائے گی۔ اسی دوران انڈین حج مشن جدہ کی اطلاعات کے مطابق آج 17 فلائیٹس کے ذریعہ 4205 ہندوستانی حجاج کرام وطن واپس ہوئے۔ واپسی کے عمل کے آغاز سے لے کر آج تک جملہ 211 فلائیٹس سے 57320 حجاج کرام وطن واپس ہوگئے۔ ہندوستانی حجاج کی مدینہ منورہ روانگی کا سلسلہ جاری ہے اور دونوں مقامات پر تقریباً 82551 حجاج کرام مقیم ہیں۔ حجاج کرام کو مدینہ منورہ میں 7 دن قیام کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ تلنگانہ کے حجاج کرام کے 13 قافلے مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں اور باقی قافلے 6 ستمبر تک مدینہ منورہ پہنچ جائیں گے۔ حیدرآبادی رباط میں قیام کرنے والے حجاج کرام کے 4 قافلے مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔ ہندوستانی سفیر برائے سعودی عرب ڈاکٹر اوصاف سعید اور کونسل جنرل جدہ نورالرحمن شیخ حجاج کرام کی مدینہ منورہ روانگی اور وطن واپسی کے انتظامات کی نگرانی کررہے ہیں۔ ناظر رباط حسین محمد الشریف نے رباط میں مقیم حجاج کرام کی مدینہ منورہ روانگی کے موثر انتظامات کئے ہیں۔
