کرناٹک :یدی یورپا نے اعتماد کا ووٹ جیت لیا

   

چیف منسٹر کی تحریک اعتماد کو ندائی ووٹ سے منظوری ۔ اسپیکر سریش کمار مستعفی

بنگلورو ۔29 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر کرناٹک بی ایس یدی یورپا نے ندائی رائے دہی کے ذریعہ خط اعتماد بلا رکاوٹ جیت لیاچونکہ اکثریت بی جے پی کے ساتھ تھی اس لئے کانگریس اور جے ڈی ایس نے ایک سطری خطِ اعتماد یدی یورپا کے ایوان میں پیش کرنے کے بعد رائے دہی منقسم کرنے کیلئے زور نہیں دیا ۔ اسپیکر کے آر رمیش کمار نے چنانچہ اعلان کردیا کہ خطِ اعتماد ندائی ووٹ سے منظور کرلیا گیا ہے ، بی جے پی کو توقع تھی کہ خطِ اعتماد بلارکاوٹ منظور ہوجائیگا کیونکہ 17 باغی ارکان اسمبلی کو اسپیکر کی جانب سے اتوار کے دن نااہل قرار دیئے جانے کے بعد ایوان کی 225 رکنی تعداد کم ہوکر صرف 208 رہ گئی تھی ، چنانچہ سادہ اکثریت حاصل کرنے کیلئے 105 ووٹ حاصل کرنا کافی تھا جو بی جے پی کے ارکان کی تعداد کے مساوی ہیں، اُسے آزاد ارکان اسمبلی کی بھی تائید حاصل تھی ۔ کانگریس کے 66 اور جے ڈی ایس کے 34 ارکان ہیں۔ اسپیکر کا ایک ووٹ ہے جو دونوں فریقین کے ووٹ مساوی ہونے کی صورت میں استعمال کیا جاتا ہے ۔ بی ایس پی کے ایک رکن کو خارج کردیا گیا ہے جسے اُس کی پارٹی نے ایچ ڈی کمارا سوامی حکومت کی تائید کرنے کی ہدایت کے باوجود اس کی خلاف ورزی پر پارٹی سے خارج کردیا تھا ۔ ایچ ڈی کمارا سوامی نے 23 جولائی کو خطِ اعتماد پیش کیا تھا جس میں اُنھیں ناکامی ہوئی تھی ۔ دریں اثناء اسپیکر مسٹر کے آر سریش کمار نے اسمبلی میں تحریک اعتماد کی منظوری کے بعد اس عہدہ سے اپنے استعفی کا بھی اعلان کردیا ۔ انہوں نے مستعفی ہونے کے بعد کہا کہ وہ اب خود کو ہلکا پھلکا محسوس کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں بی جے پی مرکزی قیادت نے یدی یورپا کو اعتماد کا ووٹ حاصل کئے جانے پر مبارکباد دی۔بی جے پی جنرل سکریٹری بی ایل سنتوش نے ٹویٹ میں کہاکہ یدی یورپا و کرناٹک بی جے پی کو اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے پر مبارکباد ۔ بی جے پی رکن شوبھا کرندجلے نے کہا کہ کرناٹک اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے پر بی ایس وائی کو بہت مبارکباد۔وزیراعلی کے طورپر وہ کسانوں اور ضرورت مندوں کی امیدوں پر کھرا اترنے کے ساتھ ہی کنڑ عوام کو ایک بھروسے مند حکومت دیں گے ۔امید ہے کہ وہ نوجوانوں کا ایک ماڈل بنیں گے ۔