آندھرا پردیش پولیس کے میمو سے اندیشوں میں اضافہ
امراوتی 16 اپریل ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش کے ایک اعلی پولیس عہدیدار کی جانب سے جاری کردہ مراسلہ میں یہ کہا گیا کہ کورونا وائرس کرنسی نوٹوں کے ذریعہ بھی پھیل سکتا ہے جس کے بعد ریاست میں گہما گہمی مچ گئی ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ چونکہ ریاست میں ڈیجیٹل کرنسی کا چلن بہت کم ہے ایسے میں نوٹوں کے چلن سے خطرہ کی گھنٹیاں ضرور بجتی ہیں۔ حالانکہ ریاستی پولیس سربراہ کے دفتر سے اس سلسلہ میں حال میں تمام ایس پیز ‘ سٹی کمشنران اور رینج ڈی آئی جیز کے نام ایک میمو جاری کیا گیا ہے تاہم گنٹور کے آئی جی ڈی جی پی ڈی گوتم سوانگ نے کہا کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ کرنسی نوٹوں سے وائرس پھیلتا ہے ۔ انہوں نے پی ٹی آ:ی سے کہا کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ کرنسی نوٹوں سے کسی بھی ریاست میں اس طرح وائرس پھیلا ہو ۔ انہو ںنے اس طرح کا کوئی میمو جاری کرنے سے انکار بھی کیا ہے ۔ تاہم واضح کیا کہ ان کے دفتر کے عملہ نے معمول کے پیامات کی طرح یہ پیام بھی روانہ کردیا تھا ۔ اس میں صرف انفیکشن پھیلنے کے امکان کو ظاہر کیا گیا تھا ۔ تاہم اس میمو سے ریاست میں گہما گہمی مچ گئی اور آئی اے ایس عہدیداروں نے اس پر اعتراض کیا ہے ۔