کرنل سنتوش بابو پر ہمیں فخر ہے : کے ٹی آر

   

چینی فوجیوں کے ساتھ جھڑپ میں شہید فوجی کے مجسمہ کی نقاب کشائی تقریب سے خطاب

سوریاپیٹ: وزیر بلدی نظم و نسق و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تارک راما راؤ اور وزیر برقی جگدیش ریڈی نے سوریاپیٹ عدالت کے روبرو کرنل سنتوش بابو کے مجسمہ کی نقاب کشائی کی۔ آج ہی کے دن 15 جون 2020 کو کرنل سنتوش بابو چینی فوجیوں کی جھڑپ میں شہید ہوگئے تھے۔ اس موقع پر وزیر کے ٹی آر نے اپنے خطاب میں کہا کہ کرنل سنتوش بابو پر ہم سب کو فخر ہے کہ انہوں نے وطن کے لئے اپنی جان کی قربانی دے کر ریاست تلنگانہ اور سوریاپیٹ کا نام روشن کیا ہے ۔ کے ٹی آر نے اس تقریب میں شرکت کو اپنے لئے اعزاز قرار دیا۔ وزیر برقی جگدیش ریڈی نے کہا کہ موت ہر ایک کو آتی ہے لیکن سنتوش بابو کی موت تاریخی موت ہے کہ دشمنوں سے مقابلہ کرتے کرتے انکی موت واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنتوش بابو کے والدین بہت عظیم ہیں کہ انہوں نے بہادر سپوت جنم دیا ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے کرنل سنتوش بابو کے اہل خانہ کو دیئے گئے اعزاز نے پوری ہندوستانی فوج کو ہمت دی۔ سنتوش بابو کی اہلیہ ستیامنی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے سی آر، وزراء کے ٹی آر اور جگدیش ریڈی نے سنتوش بابو کو مناسب حق دیا ہے اور حکومت تلنگانہ نے احترام و اعزازات سے نوازا۔ انہوں نے کہا کہ میرے بچوں کی تعلیم و غیرہ کا نظم کیا اور مجھے ملازمت دی۔انہوں نے وزیر برقی جگدیش ریڈی کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا کہ وہ ہمہ وقت ان کے ساتھ کھڑے رہے اور ہمت و حوصلہ دیا۔ بعد ازاں وزیر کے ٹی آر نے وزیر برقی جگدیش ریڈی کے ہمراہ قدیم زرعی مارکیٹ کے نزد سڑک توسیع کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر رکن پارلیمان بی لنگیا یادو اراکین اسمبلی سیدی ریڈی بلم ملم یادو جی کشور کمار کے بھوپال ریڈی لنگیا یادو و دیگر قائدین موجود تھے۔