60 فیصد نے سفر منسوخ کردیا
حیدرآباد۔ 26 اکتوبر (سیاست نیوز) حیدرآباد سے بنگلورو جانے والی خانگی بس کے حادثہ کے نتیجہ میں بین ریاستی سفر کرنے والے مسافرین میں خوف کا ماحول ہے اور عدم تحفظ کے احساس کے تحت کئی مسافرین نے خانگی بسوں سے اپنا سفر منسوخ کردیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد سے بنگلورو، چینائی اور دیگر بڑے شہروں کو جانے والے تقریباً 60 فیصد مسافرین نے سفر کی منسوخی کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ متبادل ذرائع کے ذریعہ سفر جاری رکھیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ بس حادثہ میں 19 مسافرین کی ہلاکت کے بعد عوام خانگی ٹراویلس کی بسوں میں سفر کو غیر محفوظ تصور کررہے ہیں۔ خانگی ٹراویل ایجنٹس کے مطابق گزشتہ دو دنوں میں پہلے سے بکنگ کرنے والے تقریباً 60 فیصد مسافرین نے اپنا سفر منسوخ کردیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کار یا پھر فضائی سفر کو ترجیح دی جارہی ہے۔ وجئے واڑہ اور آندھرا پردیش کے دیگر بڑے شہروں کو جانے والی آر ٹی سی کی بسوں میں بھی مسافرین کی تعداد گھٹ چکی ہے۔