اجمیر شریف کے سفر کے دوران حادثہ ۔ وزیر اعظم نریندر مودی و دیگر کا اظہار افسوس
حیدرآباد: اے پی کے ضلع چتور کے مدن پلی سے درگاہ اجمیر شریف جانے کے دوران پیش آئے خطرناک سڑک حادثہ میں 14 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ جان بحق افراد میں 8 خواتین، 5 مرد اور ایک بچہ شامل ہیں جبکہ دیگر چار بچے زخمی ہوئے ہیں۔ حادثہ اتوار کی صبح کی اولین ساعتوں میں اے پی کے کرنول ضلع کے مدن پور گاوں میں اْس وقت پیش آیا جب زائرین سے بھری وین ایک لاری سے ٹکرا گئی۔پولیس نے کہا کہ مدن پلی ٹاون سے تعلق رکھنے والے 18 افراد زیارت کیلئے اجمیر جا رہے تھے۔ راستہ میں وین کے ڈرائیور نے اچانک گاڑی کا توازن کھو دیا اور وین ڈیوائیڈر سے ٹکرانے کے بعد سڑک کی دوسری طرف ایک تیز رفتار لاری سے ٹکرا گئی۔ حادثہ اتنا خطرناک تھا کہ 14 افراد موقع پر ہی جان بحق ہو گئے۔ زخمیوں کو علاج کیلئے کرنول کے جی جی ایچ منتقل کر دیا گیا، جہاں ایک لڑکے کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔حادثہ اتنا شدید تھا کہ وین لوہے کے ڈھانچہ میں تبدیل ہو گئی اور حادثہ کے مقام پر دلخراش مناظر پیش ہونے لگا۔
مودی کا اظہار افسوس ‘ جگن کا ایکس گریشیا کااعلان
اس دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے آندھرا پردیش میں پیش آئے سڑک حادثہ میں 14 افراد کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ علاوہ ازیں چیف منسٹر اے پی جگن موہن ریڈی نے مہلوکین کے ورثاء کیلئے فی کس 2 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا ہے ۔