قتل میں ملوث کانسٹبل برطرف
صحافیوں کے تحفظ سے متعلق تنظیم کا بیان
حیدرآباد۔/10 اگسٹ، ( سیاست نیوز) صحافیوں کے تحفظ سے متعلق دہلی کی تنظیم نے آندھرا پردیش حکومت سے مطالبہ کیا کہ صحافی چنا کیشولو کے قتل کی جامع تحقیقات کی جائیں اور قتل کے ذمہ داروں کا پتہ چلاکر انہیں سخت سزا دی جائے۔ کرنول ضلع میں مقامی پولیس کانسٹبل اور اس کے بھائی نے ایک خانگی نیوز چینل سے وابستہ رپورٹر چنا کیشولو کا قتل کردیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق قبل از مرگ بیان میں چنا کیشولو نے حملہ آور کا نام بتایا ہے۔ پولیس نے وینکٹ سبیا اور اس کے بھائی نانی کو حراست میں لے لیا۔ سی پی جے کی پروگرام ڈائرکٹر کارلوس مارٹینز ڈی لا سرنا نے کہا کہ جس طرح حکام نے خاطیوں کو گرفتار کرنے میں مستعدی دکھائی ہے اسی طرح انصاف رسانی کو یقینی بنایا جائے۔ آندھرا پردیش کے حکام کو یہ پیام دینا ہوگا کہ صحافیوں کے خلاف تشدد کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس کرنول سدھیر کمار ریڈی کے مطابق مشتبہ قاتلوں نے چنا کیشولو کو چینل پر پیش کردہ ایک رپورٹ کے بارے میں بات چیت کیلئے طلب کیا اور ان پر حملہ کردیا۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس نے مشتبہ افراد کی گرفتاری کی توثیق کی اور کہا کہ سبیا کو پولیس کی خدمات سے برطرف کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ کمیٹی برائے تحفظ صحافی کے مطابق 13 جون کو اتر پردیش میں ایک رپورٹر سلبھ سریواستو کی موت واقع ہوئی تھی۔ غیر قانونی شراب فروخت کرنے والے گروپ کے خلاف رپورٹنگ پر انہیں قتل کی دھمکیاں دی جارہی تھیں۔
