کرنول میں عنقریب سونے کی کانکنی کا آغاز

   

ملک کی پہلی خانگی گولڈ مائن ، ہر سال 750 کیلو گرام پروڈکشن کا نشانہ
حیدرآباد ۔ 19 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) ہندوستان کی پہلی خانگی سونے کی کان کا آندھراپردیش میں عنقریب بڑے پیمانہ پر کانکنی سے آغاز ہوگا ۔ مینجنگ ڈائرکٹر دکن گولڈ مائنس لمٹیڈ ہنوما پرساد نے بتایا کہ سونے کی کان ملک میں اپنی نوعیت کی پہلی کان ہے جہاں سونے کی کانکنی کا جلد ہی آغاز ہوگا ۔ ہندوستان کو ہر سال ایک ہزار ٹن سونا کی درآمد کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تیل کے بعد سونا ہندوستان کی درآمدات میں دوسرے نمبر پر ہے ۔ دکن گولڈ مائنس لمٹیڈ اسٹاک ایکسچینج میں درج پہلی گولڈ مائنس کمپنی ہے ۔ کرنول ضلع کے جوناگری میں کانکنی کا آغاز ہوگا۔ جونا گری گولڈ پراجکٹ کو جون اور جولائی میں ماحولیاتی کلیئرنس حاصل ہوچکا ہے۔ ریاستی حکومت سے بھی کلیئرنس کی درخواست کی گئی ہے ۔ ہنوما پرساد کے مطابق جلد ہی باقاعدہ سونے کی کانکنی کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے سی آئی آئی کے انڈیا مائیننگ سمٹ 2025 میں یہ انکشاف کیا ۔ گولڈ مائنس پراجکٹ کے ذریعہ ہر سال 750 کیلو گرام سونے کی پیداوار کا امکان ہے۔ آئندہ دو تا تین برسوں میں ایک ہزار کیلو گرام تک سونے کی کانکنی کی جائے گی۔ ہندوستان میں سونے کی پیداوار 1.5 ملین درج کی گئی ہے اور گولڈ مائینس نے کانکنی کے آغاز سے سونے کی پیداوار میں مزید ایک ٹن کا اضافہ ہوگا۔ دکن گولڈ مائینس لمٹیڈ کا قیام 2003 میں عمل میں آیا اور کمپنی کانکنی کے شعبہ میں وسیع تر تجربہ رکھتی ہے ۔ ہندوستان اور بیرونی ملک سونے کی کھوج اور پیداوار میں کمپنی میں نمایاں کارکردگی انجام دی ہے۔ کمپنی کی کانیں قزاقستان ، فن لینڈ اور تنزانیہ میں موجود ہیں۔1