کرنول میں کورونا وائرس سے مزید ایک مریض فوت

   

اے پی میں فوت ہونے والوں کی تعداد چار ہوگئی، 304 متاثر

امراوتی 7 اپریل (پی ٹی آئی) آندھراپردیش کے ضلع کرنول میں کورونا وائرس سے مزید ایک موت ہوئی جس کے ساتھ ہی اس ریاست میں خوفناک وباء سے فوت ہونے والوں کی مجموعی تعداد چار ہوگئی۔ محکمہ صحت و طبابت کے بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ ریاست میں کورونا وائرس کیسیس کی مجموعی تعداد 304 ہوگئی ہے جن میں 294 کی توثیق ہوچکی ہے۔ کرنول میں فوت ایک 45 سالہ شخص نے کسی بھی علاقہ کا سفر نہیں کیا تھا جس کو یکم اپریل کو کورونا وائرس علامات کے سبب دواخانہ میں شریک کیا گیا تھا۔ وہ ذیابیطس ٹائپ ۔ 2 سے متاثر تھا اور 3 اپریل کو فوت ہوگیا۔ ریاستی نوڈل آفیسر ارجہ سری کانت نے ان تفصیلات کا اعلان کرتے ہوئے مزید کہاکہ متوفی شخص کو کورونا وائرس مثبت پایا گیا تھا۔ صحتیاب ہونے والے چھ مریضوں کو ڈسچارج کردیا گیا۔ گنٹور سے بھی ایک تازہ کیس کی اطلاع موصول ہوئی ہے جس کے ساتھ ہی وہاں متاثرین کی تعداد 33 ہوگئی ہے۔ یہ شخص بھی تبلیغی جماعت کے اجتماع میں شریک ہوا تھا۔ کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد کے اعتبار سے ضلع کرنول سرفہرست ہے جہاں 74 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ نیلور 42 متاثرین کے ساتھ دوسرے مقام پر ہے۔ دو شمالی ساحلی اضلاع سریکاکلم اور وجیا نگرم تاحال اس وباء سے غیر متاثر ہیں۔