سرینگر: پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا دعویٰ ہے کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی طرف سے مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور کرن رجیجو کیلئے سری نگر میں سرخ قالین استقبال سے وقف ترمیمی بل کو جواز مل گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وقف ترمیمی بل کو پارلیمنٹ سے منظور کروانے کے بعد وزیر کرن رجیجو کا کشمیر کا دورہ ایک اسٹرٹیجک فیصلہ تھا۔سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار چہارشنبہ کو ’ایکس‘ پر اپنے ایک پوسٹ میں کیا۔ وقف ترمیمی بل کو پارلیمنٹ سے منظور کروانے کے بعد وزیر کرن رجیجو نے کشمیر کا دورہ کرنے کا اسٹرٹیجک فیصلہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان کی واحد مسلم اکثریتی ریاست کے وزیر اعلیٰ کی جانب سے اُن کا سرخ قالین استقبال کیا گیا، یہ ایک ایسا اقدام تھا جو واضح طور پر اور دانستہ طور پر پورے ہندستان کے 24 کروڑ مسلمانوں کو یہ پیغام دینے کیلئے کیا گیا کہ ان کے خیالات اُس وقت کوئی اہمیت نہیں رکھتے ہیں جب ملک کے واحد مسلم اکثریتی علاقے کا لیڈر اُن کے حق میں کھڑا ہوتا ہے۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ ایشیا کے سب سے بڑے باغ گل لالہ کے پس منظر میں اس دورے سے ایسا محسوس ہوتا تھا جیسے کمیونٹی کی پسپائی اور کمزوری کا عوامی جشن منایا جا رہا ہو۔