حیدرآباد۔ 22 جون (سیاست نیوز) بھونگیر کے کانگریس ایم پی سی ایچ کرن کمار ریڈی کل 23 جون کو لندن روانہ ہونگے جہاں وہ ماحولیات سے متعلق پروگرام کلائمیٹ ایکشن ویک 2025 میں شرکت کرینگے۔ منتظمین نے رکن پارلیمنٹ کو کلیدی اسپیکر کے طور پر مدعو کیا ۔ لندن اسکول آف اکنامکس اِن پولیٹیکل سائنس کی جانب سے یہ پروگرام 25 جون کو یونیورسٹی کے کیمپس میں منعقد ہوگا۔ 2019 میں اس وقت کے میئر لندن نے تنظیم کا قیام عمل میں لایا جس کے تحت ماحولیاتی تحفظ کیلئے ہر سال مختلف پروگرامس کئے جاتے ہیں۔ سرکاری نمائندوں کے علاوہ سیول سوسائٹی، ماہرین تعلیم، صنعت کاروں کو مدعو کیا جاتا ہے۔ ادارہ کا یہ 7 واں اجلاس ہے۔ کرن کمار ریڈی نے لندن کے اجلاس میں شرکت کو باعث فخر قرار دیا اور کہا کہ ہندوستان کو اجلاس میں اہم مندوب کے طور پر مدعو کیا گیا ہے تاکہ بین الاقوامی سطح پر ماحولیاتی تحفظ کا جائزہ لیا جاسکے۔ مرکزی وزراء اور پارلیمنٹ کے کئی ارکان کو اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے۔ 1