بی جے پی کو خیر باد کر کے کانگریس میں شمولیت کا امکان ، پارٹی پر سخت تنقید
حیدرآباد۔26جولائی (سیاست نیوز) وجئے شانتی بھارتیہ جنتا پارٹی سے مستعفی ہوکر کانگریس میں شمولیت اختیارکریں گی! ریاست تلنگانہ میں بی جے پی کی آندھرائی قائد و سابق چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این کرن کمار ریڈی کو تلنگانہ میں اہمیت دیئے جانے کے بعد ناراض تلنگانہ بی جے پی قائدین میں سر فہرست وجئے شانتی ہیں جو امکان ہے کہ بی جے پی سے جلد مستعی ہوجائیں گی اور کانگریس میں شمولیت اختیار کریں گی۔ ذرائع کے مطابق وجئے شانتی نے تلنگانہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے خلاف کھل کر اظہار خیال کرنا شروع کردیا ہے اور وہ بی جے پی قیادت کو اپنے طنز کا نشانہ بنا رہی ہیں ۔وجئے شانتی کے کرن کمار ریڈی کو اہمیت دیئے جانے پر ٹوئیٹ کے بعد سے یہ قیاس آرائیاں کی جار ہی ہیں کہ بھارتیہ جنتا پارٹی سے وہ علحدگی اختیار کرسکتی ہیں اور جلد ہی اس سلسلہ میں فیصلہ کریں گی۔ اس کے علاوہ بی جے پی قائد جے بالاکرشنا ریڈی نے بھی بھارتیہ جنتا پارٹی کو نشانہ بنانا شروع کردیا ہے اور گذشتہ یوم انہوں نے ذرائع کے ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بی جے پی قیادت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور بھارت راشٹرسمیتی دونوں ایک ہو چکے ہیں ۔ انہو ں نے بتایا کہ بی جے پی اور بی آر ایس آپس میں اتحاد کرچکے ہیں اور برسراقتدار جماعت کی بدعنوانیوں کے خلاف ریاست میں محض کانگریس جدوجہد کر رہی ہے۔ بالاکرشنا ریڈی نے بی جے پی کی قومی قیادت پر سابق ریاستی صدر بنڈی سنجے کو ہٹائے جانے پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے ریاستی صدر کا انتخاب پرگتی بھون سے ہونے کا جو الزام عائد کیا جا رہاہے وہ بڑی حد تک درست ہے۔ تلنگانہ میں بی جے پی قائدین کی بڑی تعداد جو ریاستی حکومت سے ناراض بی جے پی میں تھی وہ اب بی جے پی کی سرگرمیوں سے ناراض کانگریس میں شمولیت اختیارکرنے کی منصوبہ بندی میں مصروف ہے ۔ ذرائع کے مطابق بی جے پی کے ناراض قائدین کانگریس پارٹی کے قائدین سے رابطہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ وہ بی جے پی سے مستعفی ہوتے ہوئے کانگریس میں شمولیت اختیار کرسکیں۔م