کرن کی ٹیم کو خطاب کیلئے ’پرتھوی طوفان ‘سے نمٹنا ہوگا

   

نئی دہلی: تقریبا ڈیڑھ دہائی کے بعد وجے ہزارے ٹرافی سے محض ایک قدم کے فاصلے پر کھڑی اترپردیش کی ٹیم اتوار کو ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں اترے گی تواس کاہدف اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے ساتھ ممبئی کے بہترین بلے باز پرتھوی شا کو جلد از جلد پویلین لوٹانا ہوگا۔ یوپی نے اس سے قبل 2004-05ء میں وجئے ہزارے ٹرافی کے خطابی مقابلے میں ٹاملناڈو کے ساتھ میچ ٹائی کرکے مشترکہ فاتح بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ تاہم اس کے بعد سال 2006 میں ٹیم فائنل مقابلے میں ریلوے سے ہار گئی تھی۔ دوسری طرف 2002 ء کے بعد سے ممبئی پانچویں بار خطابی مقابلے میں پہنچی ہے۔ پرتھوی نے موجودہ ٹورنمنٹ کے سات میچوں میں 251.33 کی اوسط سے 754 رنز بنائے ہیں اور وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے بلے باز ہیں۔ اس سے قبل مینک اگروال نے 2018 میں وجے ہزارے ٹرافی میں 723 رنز بنائے تھے ۔ شا کے فارم کا اندازہ یوں لگایا جاسکتا ہے کہ وہ موجودہ ٹورنامنٹ میں اب تک چار سنچریاں بنا چکے ہیں اور ایک سیزن میں سب سے زیادہ سنچریاں اسکور کرنے کے معاملے میں ویراٹ کوہلی اور دیودت پاڈیکل کی برابری کرلی ہے ۔ وراٹ نے یہ ریکارڈ 2008-09 میں بنایا تھا جبکہ شا اور کرناٹک کے بہترین بلے باز پڈیکل نے موجودہ سیزن میں چار سنچریاں اسکور کی ہیں۔ انہوں نے کوارٹر فائنل میں سوراشٹرا کے خلاف 185 اور سیمی فائنل میں کرناٹک کے خلاف 165 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی تھی۔ اس سے قبل انہوں نے پڈوچیری کے خلاف گروپ میچ میں ناقابل شکست ڈبل سنچری اسکور کی تھی۔ اس کے علاوہ انہوں نے دہلی کے خلاف 105 رنز کی ناٹ آوٹ اننگز کھیل کر ٹورنامنٹ کا آغاز کیا۔ شا سمیت ممبئی کے دیگر بلے بازوں کو روکنے کے ذمہ داری میڈیم پیسرز عاقب خان اور شیوم ماوی کی ہوگی، جبکہ مراد آباد کے نوجوان اسپنر شیوم شرما اور یش دیال کسی بھی ٹیم کے مڈل آرڈر کی کمر توڑ سکتے ہیں۔ شیوم شرما اب تک 20 وکٹیں لے کر یوپی کے سب سے کامیاب بولر رہے ہیں جبکہ تجربہ کار شیوم ماوی کی کارکردگی اوسط رہی ہے ۔ یش دیال نے حالیہ میچوں میں عمدہ کارکردگی پیش کی ہے ۔ وہیں کپتان کرن ، پریم گرگ، اکشدیپ اور اپیندر پر یوپی کو چیلنجنگ اسکورتک پہنچانے کی ذمہ داری ہوگی۔