کرولی میں دوسرے دن بھی کرفیو جاری

   

کرولی : راجستھان کے ضلع کرولی میں ‘نو سموتسر’کے موقع پرنکالی جانے والی موٹر سائیکل ریلی پر پتھراؤ اور آتش زنی کے واقعہ سے پیدا شدہ کشیدگی کے بعد شہر میں نافذ کرفیو آج دوسرے دن بھی جاری رہا اور بازار سنسان رہے ۔ شہر میں حالات کشیدہ ہیں لیکن قابو میں بتائے جارہے ہیں۔ پولیس کے مطابق پولیس شہر میں مسلسل گشت کر رہی ہے اور پولس افسر راہل پرکاش اور مردول کاچھوا کی قیادت میں پولیس نے فلیگ مارچ کیا ۔ اس کے علاوہ پولیس کے اعلیٰ افسران صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور امن بحالی کی کوشش کر رہے ہیں ۔ پولیس لوگوں سے باہر نہیں نکلنے کی اپیل کررہی ہے ۔ اس کے علاوہ متاثرعلاقوں میں ڈرون کیمروں سے بھی نگرانی کی جا رہی ہے ۔شہر میں کئی مقامات پر پولیس فورس تعینات ہے ۔ ضلع ہیڈکوارٹرپرانٹرنیٹ سروس معطل ہے اور کرفیوکی تعمیل کے لیے شہر بھر میں پولیس افسران اور جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے ۔ صفائی ملازمین اس واقعہ کے بعد سڑکوں پر پھیلے کچرے کو صاف کرنے میں مصروف ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ ہفتہ کو‘ نو سمواتسر’ پر ایک موٹر سائیکل ریلی پر پتھراؤ اور آتش زنی کے واقعہ کے بعد شہر میں کشیدگی پھیل گئی اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے شہر میں کرفیو نافذ کرنا پڑا۔ اس واقعے میں کئی لوگ زخمی ہوئے جبکہ کئی دکانوں کو نذر آتش کر دیا گیا۔