کرونا وائرس ، معائنوں کیلئے کٹس فراہم کرنے مرکز سے درخواست

   

حیدرآباد۔/29 جنوری، ( سیاست نیوز)حکومت تلنگانہ نے حیدرآباد میں کرونا وائرس کے ضمن میں پائی جانے والی تشویش کے پیش نظر مرکز سے معائنوں کیلئے استعمال کی جانے والی خصوصی میڈیکل کٹس فراہم کرنے کی درخواست کی ہے اور کہا کہ ریاست میں اگرچہ تاحال کوئی بھی شخص اس وائرس سے متاثر نہیں پایا گیا ہے لیکن خطرہ کی صورت میں معائنہ کی ضرورت ہوگی اور صرف پونے کے وائرولوجی انسٹی ٹیوٹ میں یہ سہولت دستیاب ہے۔ وزیرصحت ایٹالہ راجندر نے کہا کہ ’’ ہم مرکز سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اس وائرس کی سنگینی کو ملحوظ رکھے اور اس علاقہ میں اس کے پھیلنے کے اندیشوں کی صورت میں معائنوں کیلئے درکار میڈیکل کٹس فراہم کرے کیونکہ ہنگامی حالات میں معائنوں کیلئے لعاب کے نمونے دور دراز پونے کے انسٹی ٹیوٹ کو روانہ کرنے کے بجائے شہر میں ہی بروقت اس کا پتہ چلایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں سوائن فلو اور دیگر وباؤں کے معائنوں کا سلسلہ جاری ہے۔