حیدرآباد 27 جنوری ( سیاست نیوز ) نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ کرونا وائرس جیسی نئی وباوں کے پھوٹ پڑنے اور اس سے متعدی و وبائی امراض پر قابو اپنے کیلئے عالمی سطح پر ایک دوسرے سے بہتر اور جامع تعاون کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے سی ایس آئی آر کے سائینسدانوں و ریسرچ اسکالرس سے خطاب کرتے ہوئے چین میں قہر برپا کرنے والے کرونا وائرس کا تذکرہ کیا اور کہا کہ یہ وائرس کئی ممالک تک پھیلتا جا رہا ہے اور اس سے ہر ملک میں نگہداشت صحت کے حکام کو تشویش لاحق ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ نئے وائرس کے پھوٹ پڑنے اور متعدی و وبائی امراض کی وجہ سے بہت زیادہ نقصان ہوتا ہے ۔ انہوں نے قومی مقاصد کی تکمیل میں ہندوستانی سائینس و ٹکنالوجی و اختراعی نظام کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ ہندوستان ایک دیرپا اور جامع ترقی کا خواہش مند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبہ میں سرمایہ کاری کے ذریعہ ریسرچ کو فروغ دینے اور ٹکنالوجی کے شعبہ میں پیشرفت کرنے میں مدد ملتی ہے اور ملک کو اس کا فائدہ حاصل ہوتا ہے ۔