کرونا وائرس مسئلہ پر وزراء کی ٹاسک فورس: کشن ریڈی

   

وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے مرکز کی چوکسی ، ریاستوں کو میڈیکل ٹیموںکی روانگی

حیدرآباد ۔3 ۔ فروری (سیاست نیوز) مرکزی مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی نے کہا کہ کرونا وائرس کے مسئلہ پر مرکزی حکومت مکمل طور پر چوکس ہے۔ پانچ وزارتوں سے متعلق وزراء پر مشتمل ٹاسک فورس کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو ملک میں وائرس سے بچاؤ کے اقدامات کا جائزہ لے گی۔ وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن کی قیادت میں ٹاسک فورس قائم کی گئی ۔ کشن ریڈی نے بتایا کہ ریاستوں کو مرض سے بچاؤ سے متعلق کٹس اور میڈیکل ٹیموں کو روانہ کرنے کے مسئلہ پر ٹاسک فورس غور کرے گی ۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت ملک میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ وائرس سے مشتبہ طور پر متاثرہ افراد کے علاج کے لئے خصوصی وارڈس قائم کئے گئے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ کشن ریڈی نے بتایا کہ کیرالا سمیت دیگر ریاستوں کی صورتحال کا وقفہ وقفہ سے جائزہ لیا جارہا ہے ۔ چین سے آنے والے طلبہ اور انجنیئرس کو جانچ کیلئے خصوصی نگرانی میں رکھا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کیرالا میں کرونا وائرس کے تین کیس منظر عام پر آئے ہیں۔ ان تینوں کو علاج کے لئے خصوصی وارڈس میں رکھا گیا ہے۔ کشن ریڈی نے اتوار کی رات جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی کے قریب پیش آئے فائرنگ کے واقعات پر افسوس کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کو حکومت برداشت نہیں کرے گی ۔ ہتھیاروں کے ساتھ آکر اس طرح کی کارروائیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال بگاڑنے کی کسی بھی کوشش کو سختی سے نمٹا جائے گا ۔ واضح رہے کہ چین سے طلبہ اور دیگر پروفیشنلس کو خصوصی طیاروں کے ذریعہ واپسی کا انتظام کیا گیا ہے ۔ واپس آنے والوں کی مکمل طبی جانچ کی جارہی ہے۔ کشن ریڈی نے بتایا کہ چین سے آنے والے افراد کیلئے ای ویزا سرویس کو عارضی منسوخ کیا گیا ۔ مرکز کی جانب سے تشکیل دی گئی ٹاسک فورس نے وزارت صحت اور وزارت داخلہ کے علاوہ بہبودیٔ خواتین و اطفال ، شہری ہوا بازی اور وزارت خارجہ کے وزراء شامل ہیں۔