ائرپورٹ پر کسٹمس ایر انٹلی جنس یونٹ کی کارروائی
حیدرآباد۔کسٹمس کی ایر انٹلی جنس یونٹ نے غیر قانونی طور پر منتقل کئے جانے والے کروڑہا روپئے مالیتی سونا اور ہیرے جواہرات کا پتہ لگاتے ہوئے اسے ضبط کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر کسٹمس گوپی دونتی ریڈی کی زیر قیادت ایک ٹیم نے انڈیگو ایر ویز کی فلائیٹ جو حیدرآباد سے ممبئی اور جئے پور کیلئے روانہ ہوئی تھی حیدرآباد پہنچنے پر کارگو میں اچانک تلاشی لی اور ایر کارگو کامپلکس واقع شمس آباد انٹر نیشنل ایر پورٹ پر تفصیلی کارروائی کرنے پر اس میں سونے کے بسکٹس اور قیمتی ہیرے وغیرہ برآمد ہوئے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق بیرونی ممالک سے سونے و ہیروں کی اسمگلنگ کی جارہی تھی جس کا پتہ لگاتے ہوئے ایر کسٹمس یونٹ نے اسے بے نقاب کردیا اور 6 کروڑ 62 لاکھ مالیتی سونا اور ہیروں کو ضبط کرلیا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ کسٹم عہدیدار یہ پتہ لگانے کی کوشش کررہے ہیں کہ کن افراد نے اس سونے اور ہیروں کی کارگو سے اسمگل کرنے کی کوشش کی ۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔