حیدرآباد۔ 8 نومبر (سیاست نیوز) ممتاز ٹی وی شو کون بنے گا کروڑ پتی کے ذریعہ کروڑپتی بنانے کا لالچ دے کر ایک خاتون سے 18 لاکھ روپے لوٹ لینے کا واقعہ شہر میں پیش آیا۔ متاثرہ خاتون نے کروڑپتی بننے کی آس میں اپنی پونجی بھی گنوادی اور دھوکہ دیہی کا شکار یہ خاتون انصاف کے لئے سائبر کرائم پولیس پہنچی۔ سائبر کرائم پولیس حیدرآباد میں ہر دن مختلف طرز کی دھوکہ دہی کے واقعات پر شکایتیں وصول ہو رہی ہیں۔ لاٹری، انعامات، ملازمتوں و دیگر طریقہ سے عوام کو لوٹنے والے سائبر دھوکہ بازوں نے ایک ادارے کے سافٹ ویر کو ہائک کرلیا اور تاوان کا مطالبہ کیا۔ سائبر کرائم سے رجوع ہونے والوں میں ایک شخص ایسا بھی ہے جس کو ویزا فراہم کرنے کے نام پر ساڑھے چار لاکھ روپے لوٹ لئے گئے۔ سائبر کرائم ذرائع کے مطابق خیریت آباد علاقہ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کو اس بات کا تیقن دے دیا گیا کہ لکھ پتی بن گئی ہے۔ کون بنے گا کروڑ پتی کے ذریعہ 25 لاکھ روپے کی لاٹری آپ کے نام پر آئی ہے۔ یہ بات بتاتے ہوئے خاتون کو اپنے جال میں پھانس لیا گیا اور اس خاتون سے مختلف مراحل میں جی ایس ٹی اور ٹیکس کے نام پر 18 لاکھ روپے لوٹ لئے گئے۔ رقم ادا کرنے کے باوجود لاٹری کی رقم حاصل نہ ہونے پر یہ خاتون سائبر کرائم سے رجوع ہوگئی۔ عابڈس علاقہ میں واقع ایک ادارے کے سافٹ ویر کو ہائک کرلیا گیا اور ڈاٹا حوالے کرنے کے لئے 7 لاکھ 50 ہزار روپے تاوان کا مطالبہ کیا گیا۔ سائبر دھوکہ باز اب بلیک میلنگ پر بھی اتر آئے ہیں۔ سنتوش نگر علاقہ کے ساکن ایک شخص کو جو بیرون ملک روانہ ہونا چاہتا ہے اس شخص سے کینیڈا کا ویزا فراہم کرنے کے نام پر 4 لاکھ 50 ہزار روپے لوٹ لئے گئے جبکہ زائد منافع کے نام پر سیتاپھل منڈی کے ایک شخص کو بھی لوٹ لیا گیا۔ سائبر کرائم پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ ع