ممبئی ۱۱,ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ممبئی کانگریس کے سابق صدر و سابق وزیر داخلہ کرپا شنکر سنگھ کے کانگریس کے مستعفی ہونے سے کانگریس کو کوئی فرق نہیں پڑے گا ان خیالات کا اظہار ممبئی کانگریس کے نائب صدور امرجیت سنگھ منہاس اور ذاکر احمد نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے کرپا شنکر سنگھ کو ایم ایل سی ، ایم ایل اے اور ممبئی کانگریس کا صدر و ریاست میں وزیر داخلہ بنایا تھا لیکن ان تمام چیزوں کو فراموش کر کے محض اقتدار کی لالچ میں سابق کانگریسی کرپا شنکر سنگھ نے کانگریس پارٹی کو الوداعی کہا۔ کانگریس نائب صدور امرجیت سنگھ منہاس اور ذاکر احمد نے مزید کہا کہ جس وقت کانگریس پارٹی کو مضبوط کرنے کی ضرورت تھی اس وقت کرپا شنکر سنگھ نے کانگریس سے کنارہ کشی اختیار کر کے عوام میں یہ پیغام دیا ہے کہ وہ صرف اقتدار کے لالچی ہیں ۔کانگریس کے ان قائدین نے مزید کہا کہ مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں عوام ایسے لالچی لیڈروں کو اپنا مقام دکھلا دے گی۔ ریاستی کانگریس کے سیکریٹری سید ذیشان احمد نے کہا کہ کرپا شنکر سنگھ کا کردار بہت ہی خراب ہے وہ اقتدار کے لالچ میں کسی اور پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں لیکن مجھے پوری امید ہے کہ عوام انہیں بتا دے گی کہ جس طرح سے انہوں نے کانگریس کا ساتھ چھوڑا ہے وہ صحیح نہیں ہے ۔ سید ذیشان احمد نے مزید کہا کہ حالات آتے اور جاتے رہتے ہیں لیکن کسی کو بھی اس طرح سے پارٹی کا ساتھ نہیں چھوڑنا چاہیئے کیونکہ سمیں پوری امید ہے کہ آنے والے اسمبلی انتخاب میں کانگریس پارٹی کامیاب ہو گی اور فرقہ پرستوں کو منہ کی کھانی پڑے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرپا شنکر سنگھ کا فیصلہ ٹھیک نہیں ہے کیونکہ انہیں ہماری پارٹی نے کیا نہیں دیا انہیں ریاست میں وزیر داخلہ کا قلمدان دیا وہیں ممبئی کانگریس کا صدر بھی بنایا اور اب اگِر ان حالات میں کوئی لیڈر پارٹی چھوڑ کر اقتدار کیلئے دیگر پارٹی میں جاتا ہے تو یہ ٹھیک نہیں ہے ۔