کرپشن، سماجی برائیوں کیخلاف لڑنے والا ہر شخص چوکیدار ہے

   

’میں بھی چوکیدار‘ مہم کا آغاز، مرکزی وزیر پیوش گوئل کا خطاب

حیدرآباد ۔ 23 مارچ (سیاست نیوز) لوک سبھا انتخابات کیلئے سرگرمیوں کو تیز کرتے ہوئے وزیر ریلوے پیوش گوئل نے آج یہاں ’’میں بھی چوکیدار‘‘ مہم کا آغاز کرتے ہوئے کرپشن، سماجی برائیوں کے خلاف جدوجہد کرنے اور ہندوستان کی ترقی کیلئے کام کرنے والوں کو چوکیدار قرار دیا۔ آج یہاں ڈاکٹر لکشمن صدر تلنگانہ بی جے پی یونٹ، بنڈارو دتاتریہ ایم پی، ملکاجگری لوک سبھا حلقہ سے بی جے پی کے امیدوار این رامچندر راؤ اور حلقہ پارلیمان سکندرآباد سے بی جے پی امیدوار جی کشن ریڈی کی موجودگی میں بھی چوکیدار پروگرام کا آغاز کرتے ہوئے پیوش گوئل نے کہا کہ چوکیدار کا مطلب صرف واچ مین نہیں ہوتا ہے جو اس کی ڈیوٹی انجام دیتا ہے بلکہ محافظ ہوتا ہے۔ یہ کہتے ہوئے ہر فرد ایک چوکیدار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض لوگ ان کے بچوں کے محافظ ہوتے ہیں بعض ان کے خاندان کے اور بعض ملک کے محافظ ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں وزیراعظم نریندر مودی کی شکل میں چوکیدار ہے جو ملک اور اس کے عوام کیلئے کام کرتے ہیں اور ان کی حفاظت کرتے ہیں۔ وہ ایک حقیقی چوکیدار ہیں جو کسی کرپشن کی اجازت نہیں دیتے ہیں۔ تاہم وہ تنہا نہیں بلکہ کرپشن، بدعنوانیوں اور سماجی برائیوں کے خلاف لڑنے اور ملک کی ترقی کیلئے کام کرنے والا ہر شخص چوکیدار ہے۔