کرپشن اور بدعنوانیوں میں تلنگانہ ملک کی سرفہرست ریاست

   

کانگریس برسر اقتدار آنے پر وعدوں پر عمل آوری، اے آئی سی سی ترجمان ڈولی شرما اور علی مہدی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔13۔اکتوبر (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس حکومت نے گزشتہ 9 برسوں میں عوام سے کئے گئے وعدوں سے انحراف کیا ہے ۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے میڈیا کمیٹی کے صدرنشین کسم کمار ، اے آئی سی سی ترجمان ڈولی شرما ، اے آئی سی سی میڈیا مبصرین علی مہدی ، گوتم سیٹھ اور دوسروں نے بی آر ایس حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کیا اور کہا کہ کانگریس پارٹی نے سماج کے تمام طبقات کیلئے 6 ضمانتوں کا وعدہ کیا ہے جن پر برسر اقتدار آتے ہی عمل کیا جائے گا ۔ اے آئی سی سی ترجمان نے کہا کہ تلنگانہ میں خواتین کو تحفظ حاصل نہیں ہے۔ خواتین پر مظالم کے معاملہ میں تلنگانہ ملک میں سرفہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں خواتین کی بھلائی کیلئے کوئی اسکیمات نہیں ہے اور نہ ہی ویلفیر بورڈ قائم کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ریاست میں شراب کو عام کردیا ہے۔ کرناٹک کی طرح تلنگانہ میں بھی کانگریس حکومت خواتین کیلئے وعدوں پر عمل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مہا لکشمی اسکیم کے تحت ہر خاتون کو ماہانہ 2500 روپئے امداد دی جائے گی اور غریب خواتین کو 500 روپئے میں گیاس سلینڈر اور آر ٹی سی میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ پارٹی کے انتخابی منشور میں تمام طبقات کی بھلائی کو پیش نظر رکھا جائے گا۔ علی مہدی نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر خاندان بدعنوانیوں میں ملوث ہے اور کرپشن میں تلنگانہ ملک میں سرفہرست ہے۔ شراب اسکام میں چیف منسٹر کی دختر کویتا کے ملوث ہونے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی کیونکہ بی جے پی اور بی آر ایس میں مفاہمت ہوچکی ہے۔