کے سی آر حکومت ہر محاذ پر ناکام، صحت اور تعلیم کے شعبہ جات نظرانداز
حیدرآباد۔ 13 ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کے سی آر حکومت پر تمام محاذوں پر ناکامی کا الزام عائد کیا اور کہا کہ تلنگانہ میں کرپشن عروج پر پہنچ چکا ہے۔ حکومت کے ایک سال کی تکمیل پر بیان جاری کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ملک میں کرپشن کے معاملے میں تلنگانہ پانچویں مقام پر ہے جو باعث تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر حکومت دوسری میعاد کے لیے برسر اقتدار آگئی لیکن عوام کا کوئی بھلا نہیں ہوا ہے۔ گزشتہ ایک سال میں قتل، خودکشی، عصمت ریزی اور مظالم کے واقعات میں اضافہ ہوا۔ حکومت کی غلط پالیسیوں کے نتیجہ میں انٹرمیڈیٹ کے 26 طلبہ نے خودکشی کرلی۔ انٹر نتائج کی اجرائی میں بے قاعدگی کرنے والے ادارے کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ پرینکا ریڈی، وجیا ریڈی قتل کے علاوہ ہاجی پور، ورنگل، آصف آباد اور جڑچرلہ میں خواتین کے قتل کے واقعات پیش آئے لیکن حکومت بے حسی کا شکار ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ دوسری میعاد کا ایک سال امن و ضبط کی صورتحال میں ابتری کا رہا۔ اس کے علاوہ کرپشن میں غیر معولی اضافہ ہوا ہے۔ حکومت کی غلط معاشی پالیسیوں کے نتیجہ میں ریاست دیوالیے پن کا شکار ہوچکی ہے۔ تلنگانہ تشکیل کے وقت 17 ہزار کروڑ کی آمدنی تھی جسے کے سی آر نے تین لاکھ کا مقروض بنادیا ہے۔ کالیشورم پراجیکٹ پر ایک لاکھ کروڑ خرچ کئے گئے لیکن آج تک زرعی شعبہ کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کے سی آر سے سوال کیا کہ اسمبلی اور سکریٹریٹ کی نئی عمارتوں کی تعمیر کے سلسلہ میں معاشی ڈسپلین کا خیال کیوں نہیں آیا۔ تعلیم اور صحت کے شعبوں کو نظرانداز کرنے کے نتیجہ میں غریب اور متوسط طبقات نہ صرف تعلیم سے محروم ہیں بلکہ بنیادی طبی سہولتوں کی کمی کے نتیجہ میں وبائی امراض سے ا موات واقع ہورہی ہیں۔ کے سی آر نے کسانوں کو دل خوش کن وعدے کرتے ہوئے دھوکہ دیا ہے۔ آروگیہ شری اور فیس ری ایمبرسمنٹ کو بجٹ کی کمی کا بہانہ کرتے ہوئے روک دیا گیا۔ ملک بھر میں تعلیم اور صحت پر سب سے کم خرچ کرنے والی ریاست تلنگانہ ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر قابو پانے میں کے سی آر حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ ریونیو ڈپارٹمنٹ میں اصلاحات کے نام پر کسانوں کو مشکلات سے دوچار کردیا گیا۔ 11 لاکھ کسانوں کو پٹہ دار پاس بک اجرائی باقی ہے۔ ریاستی وزراء محض علامتی پتلے ہیں اور وہ عوامی مسائل کے سلسلہ میں کے سی آر سے سوال نہیں کرسکتے۔ ارکان اسمبلی کے حلقہ جات کا ترقیاتی فنڈس جاری نہیں کیا گیا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کے سی آر کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف کانگریس پارٹی کی جدوجہد جاری رہے گی۔