کرپٹو سرمایہ کاروں کو گولڈن ویزا دینے کی تردید

   

ابوظہبی ۔ 7 جولائی (ایجنسیز) متحدہ عرب امارات کے حکام نے ان اطلاعات کی سختی سے تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ کرپٹو کرنسی ٹان کائین میں سرمایہ کاری کرنے والے افراد کو ملک کا گولڈن ویزا جاری کیا گیا ہے۔ حکام نے واضح کیا کہ گولڈن ویزا صرف ان افراد کو دیا جاتا ہے جو مقررہ اور باقاعدہ منظور شدہ معیارات پر پورا اترتے ہوں۔ امارات کی وفاقی اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز و پورٹس سیکیورٹی (آئی سی پی) کی جانب سے جاری وضاحت میں کہا گیا کہ ڈیجیٹل کرنسی یا کرپٹو میں سرمایہ کاری کو گولڈن ویزا حاصل کرنے کا کوئی جواز یا بنیاد نہیں بنایا گیا ہے۔ گولڈن ویزا کے لیے جو شعبے اہل قرار دیے گئے ہیں ان میں رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری، کاروباری شخصیات، نمایاں صلاحیتوں کے حامل افراد، سائنسدان، ماہرین، ممتاز طلبہ، انسانی خدمت کے میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے افراد اور فرنٹ لائن ورکرز شامل ہیں۔ حکام نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی اس نوعیت کی غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کیا جائے۔ گولڈن ویزا کے اجراء سے متعلق تمام فیصلے مکمل طور پر قانونی و سرکاری فریم ورک کے تحت کیے جاتے ہیں اور ان میں کسی قسم کا استثنا یا غیر روایتی طریقہ کار شامل نہیں۔