ممبئی / نئی دہلی /14 جون (سیاست ڈاٹ کام) فلم اور ٹی وی اداکار سشانت سنگھ راجپوت اچانک خودکشی کرنے کے واقعہ نے فلمی صنعت کو تو غمزدہ کیا ہی ہے لیکن ہندوستانی کرکٹرس نے بھی ان کی اس طرح اچانک موت پر افسوس اور تعجب کا اظہار کیا ہے ۔ سشانت سنگھ نے ہندوستانی کرکٹ کے سابق کپتان ایم ایس دھونی کی بائیوپک میں دھونی کا رول ادا کیا تھا ۔ موجودہ کپتان ویراٹ کوہلی ، روہت شرما ، سچن تنڈولکر ، روی شاستری ، سریش رائنا ، انیل کمبلے ، شیکھردھون اور دیگرنے انہیں زبردست خراج پیش کرتے ہوئے ان کے اس طرح اچانک فوت ہوجانے پر اظہار افسوس کیا ۔ کوہلی نے کہا کہ یقین نہیں ہوتا کہ سشانت سنگھ اب ہمارے درمیان نہیں ہیں ۔ یاد رہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران سشانت سنگھ راجپوت ممبئی کے باندرہ علاقہ میں اپنی رہائش گاہ پر بالکل اکیلے رہا کرتے تھے ۔ کہا جارہا ہے کہ وہ شدید ڈپریشن کا شکار ہوگئے تھے ۔ ان کی آخری رسومات کب ادا کی جائیں گی اس کے بارے میں خاندانی ذرائع سے رابطہ نہیں ہوسکا ۔
