8 ماہ کی حکومت پربی آر ایس کی تنقید مضحکہ خیز، مضافات میں مزید ایک شہربسایا جائیگا
حیدرآباد۔/31 جولائی، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ دس سال تک حکومت کرنے والے کانگریس کی 8 ماہ کی حکومت کو نشانہ بنارہے ہیں۔ اسمبلی میں تصرف بل پر مباحث کے دوران چیف منسٹر نے بی آر ایس رکن کے ٹی راما راؤ کے الزامات کا جواب دیا اور کہا کہ کے ٹی آر مباحث کے نام پر ایوان اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ بی آر ایس کے دس سالہ دور حکومت کے تجربات کے ٹی آر کے ساتھ ہیں اور عوام نے اپنے تجربات کی بنیاد پر بی آر ایس کی حکمرانی کو مسترد کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس وعدوں کی تکمیل کیلئے مزید چار سال کا وقت باقی ہے۔ چیف منسٹر نے بتکماں ساڑیوں کی تقسیم میں بدعنوانیوں کا الزام عائد کیا اور کہا کہ بنکروں کو کام الاٹ کرنے کے بجائے بے نامی افراد کے ذریعہ سورت سے کلو کے حساب سے ساڑیاں حاصل کی گئیں جس پر بھاری کمیشن حاصل کیا گیا اور بتکماں ساڑی اسکیم کے بقایا جات کانگریس حکومت نے ادا کئے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے سوال کیا کہ ایم ایم ٹی ایس ٹرین کو ایر پورٹ تک توسیع دینے کی اجازت کیوں نہیں دی گئی۔ دراصل اس کے پسِ پردہ مالیاتی سازش ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بی آر ایس کی طرح ہم نے پرانے شہر کو استنبول بنانے اور حسین ساگر کے پانی کو ناریل کے پانی کی طرح صاف پینے کے قابل بنانے کا اعلان نہیں کیا ہے۔ کانگریس حکومت نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے اِسکل یونیورسٹی قائم کررہی ہے۔ حیدرآباد کو عالمی میڈیکل ہب میں تبدیل کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے تاکہ دنیا بھر سے لوگ علاج کیلئے حیدرآباد کا رُخ کریں۔
حیدرآباد کو عالمی معیار کے سیاحتی مرکز کے طور پر ترقی دی جائے گی۔ عالمی معیار کی ادویات تلنگانہ میں تیار کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حیدرآباد میں جہاں ایشین گیمس منعقد ہوئے تھے وہاں اسٹیڈیم شراب نوشی کے اڈے بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو منشیات اور گانجہ سے دور کرتے ہوئے کھیل کود کا جذبہ پیدا کرنے حکومت اسپورٹس یونیورسٹی قائم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی آبادی 140 کروڑ ہے اور اولمپکس میں کانسہ کا میڈل بھی حاصل ہونے پر ہم جشن مناتے ہیں جبکہ چھوٹے ممالک کئی میڈلس حاصل کررہے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ باکسر نکہت زرین کو ملازمت دینے کا وعدہ بی آر ایس حکومت نے مکمل نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نکہت زرین کو گروپ I کے تحت ڈی ایس پی رتبہ کی ملازمت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کرنے والے حیدرآباد کے کھلاڑی محمد سراج کو حکومت گروپ I ملازمت فراہم کرنے کا فیصلہ کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سراج حیدرآباد کے ایک اوسط خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور انہوں نے بارہویں جماعت تک تعلیم حاصل کی ہے لیکن ورلڈ کرکٹ میں ان کا نمایاں مظاہرہ ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت فارماسٹی کے بجائے فارما ولیج کے قیام کا منصوبہ رکھتی ہے۔ ہزاروں ایکر اراضی پر فارما کمپنیاں قائم کرنے سے اطراف کے علاقوں میں آلودگی کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں ایل بی نگر میں واقع ایک فارما کمپنی کا حوالہ دیا جس کے نتیجہ میں اطراف کے علاقوں میں زیر زمین پانی آلودہ ہوچکا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ زراعت کے شعبہ کو مصنوعی ذہانت سے مربوط کرتے ہوئے پیداوار میں اضافہ کے اقدامات کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کے ٹی آر صد فیصد مصنوعی ہیں اور ان کی ذہانت صفر ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ مچرلہ میں چوتھا شہر بسایا جائے گا اور اس علاقہ سے میٹرو ٹرین کو مربوط کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حیدرآباد،سکندرآباد، سائبرآباد کے ساتھ یہ چوتھا نیا شہر ہوگا جو تلنگانہ کا مستقبل کا شہر ہوگا۔ چیف منسٹر نے اپوزیشن کو مشورہ دیا کہ تعمیری رول ادا کریں اور سیاست کو صرف الیکشن تک محدود رکھیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت زراعت، صنعت، آئی ٹی اور ایکسائیز سے متعلق نئی پالیسیاں عنقریب مرتب کرے گی۔ چیف منسٹر نے ایوان سے قائد اپوزیشن کی غیر حاضری پر سوال کیا اور کہا کہ قائد اپوزیشن کی غیر حاضری میں کون اس بات پر بھروسہ کرے گا کہ بی آر ایس حکومت سے تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ قائد اپوزیشن کو ایوان میں شریک ہونا چاہیئے۔1