نئی دہلی ۔ محمد سمیع زخمی ہونے کی وجہ سے ہندوستانی ٹیم سے دور رہنے کے باوجود چھائے ہوئے ہیں۔ ان کے غلبے کی وجہ یہ ہے کہ انہیں ملک کا دوسرا سب سے بڑا اسپورٹس ایوارڈ ملا۔ اس ہندوستانی فاسٹ بولرکو ارجن ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ سمیع کو یہ اعزاز صدر دروپدی مرمو سے ملا۔ سمیع یہ اعزاز حاصل کرنے والے 46 ویں مرد کرکٹر ہیں۔ اگر اس میں یہ اعزاز حاصل کرنے والی 12 خواتین کرکٹرز کو شامل کریں تو وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی ملک کی58 ویں کرکٹر ہیں۔ سمیع کے علاوہ مزید 25 کھلاڑیوں کو ارجن ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ سمیع کا نام پہلے ہی ارجن ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا تھا، جس کے لیے وہ بہت پرجوش تھے۔ انہوں نے اس خاص لمحے کو اپنے خواب کی تعبیرکہا تھا۔ سمیع نے کہا تھا کہ زندگی گزر جاتی ہے لیکن یہ ایوارڈ کسی کو نہیں ملتا۔ یہ میری خوش قسمتی ہے کہ میں یہ حاصل کرنے جا رہا ہوں۔ ارجن ایوارڈ ملک کا دوسرا سب سے بڑا کھیلوں کا ایوارڈ ہے، جو کھلاڑیوں کو گزشتہ سالوں میں ان کی شاندار کارکردگی کی بنیاد پر ملتا ہے۔ اور اس بار سمیع کو اس کے لیے منتخب کیا گیا کیونکہ انھوں نے کرکٹ کے میدان میں اپنی کارکردگی سے جھنڈے گاڑ دیے تھے۔ ان کی بہترین کارکردگی ونڈے ورلڈ کپ 2023 میں دیکھی گئی، جہاں وہ سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر تھے۔ جملہ 26 کھلاڑیوں کو ارجن ایوارڈ ملا جن میں سے سمیع واحد کرکٹر رہے۔ پارول چودھری (ایتھلیٹکس)، محمد حسام الدین (باکسر)، آرویشالی (شطرنج)، اوجس پروین دیوتلے (تیر اندازی)، ادیتی گوپی چند سوامی (تیر اندازی)، سری شنکر (ایتھلیٹکس)، کرشنا بہادر پاٹھک (ہاکی)، سشیلا چانو (ہاکی)، پون کمار (کبڈی)، ریتو نیگی (کبڈی)، نسرین (کھو۔کھو)، سنیل کمار (کشتی)، اننت (کشتی)، روشیبینا دیوی (وشو)، شیتل دیوی (پارا آرچری)، اجے کمار (بلائنڈ کرکٹ)، پراچی یادو (پارا کینوئنگ)، انوش اگروال (گھڑ سواری)، دیویکرتی سنگھ (گھڑ سواری)، دکشا ڈگر (گالف)، پنکی (لان بالز)، ایشوریہ پرتاپ سنگھ تومر (شوٹنگ)، ایشا سنگھ (شوٹنگ)، ہریندر پال سنگھ (شوٹنگ)۔ اسکواش)، آیہیکا مکھرجی (ٹیبل ٹینس) دیگر ایوارڈ حاصل کرنے والے کھلاڑی ہیں۔ اگر ہم ملک کے سب سے بڑے اسپورٹس ایوارڈ میجر دھیان چند کھیل رتن کی بات کریں تو بیڈمنٹن کی جوڑی چراغ اور ستوک کو یہ ایوارڈ ملا ہے۔ سال 2023 اس جوڑی کے لیے یادگار رہا۔ اس نے ایشین گیمز اور ایشین چمپئن شپ میں گولڈ میڈلجیتا تھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے مل کر انڈونیشیا 1000، کوریا سوپر500 اور سوئس سوپر300 جیسے کئی بڑے ایونٹ جیتے ہیں۔