میلبورن ۔ کرکٹ آسٹریلیا (سی اے ) اور آسٹریلیائی کرکٹرز اسوسی ایشن (اے سی اے ) باہمی طور پر اس وقت تک آمدنی کا معاملہ ملتوی کرنے پر متفق ہوگئے جب تک کہ کورونا وائرس کی وبا سے ہونے والے نقصان سے متعلق صورتحال مکمل طور پر واضح نہیں ہوجاتی۔ جس کے بعد تنخواہ سے متعلق دونوں فریقوں کے مابین جاری تنازعہ ٹل گیا ہے ۔اے سی اے کے ساتھ یہ تنازعہ اس وقت شروع ہوا جب سی ای اے نے کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر کھلاڑیوں کو دی جانے والی رقم میں کمی کی بات کی تھی۔ سال2017 میں طے پانے والے معاہدے کے تحت کرکٹرز میں محصول کی ایک خاص فیصد تقسیم کی جاتی ہے ۔آمدنی کے تخمینے کو ملتوی کرنے کے لئے سی اے اور اے سی اے نے ہفتے کے روز اتفاق کیا۔ سی اے کے ترجمان نے کہا کہ دونوں فریقوں (سی اے اور اے سی اے )نے اس وقت تک محصولات کے معاملے کو ملتوی کرنے پر اتفاق کیا ہے جب تک کہ کورونا وائرس کی وبا کے سبب مالی صورتحال پر اثرات کا اندازہ کرنے کے لئے ایک بہتر جگہ نہیں بن جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج ہونے والے معاہدے کے ساتھ ہی اے سی اے نے گذشتہ ماہ دائر تنازعہ سے متعلق اپنا نوٹس واپس لے لیا ہے ۔ ہم بحث میں تعمیری حصہ لینے پر اے سی اے کا شکریہ ادا کرنا چاہیں گے ۔ ترجمان نے کہا کہ اس طرح کے وبا کے دوران12 ماہ قبل ہونے والی آمدنی کا اندازہ چیلنجوں کے بغیر مکمل نہیں کیا جاسکتا لیکن ہمیں اعتماد ہے کہ ہم اس پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں جس سے فریقین کو اس معاملہ کے بارے میں مزید یقین دہانی ہو گی۔