سری نگر: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ، جموں وکشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن میں سن 2012 میں سامنے آنے والے کروڑوں روپے مالیت کے اسکینڈل کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں، نیشنل کانفرنس صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ سے ایک بار پھر پوچھ گچھ کر رہا ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ فاروق عبداللہ بدھ کی صبح قریب گیارہ بجے یہاں راجباغ میں واقع انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے دفتر میں حاضر ہوئے جہاں جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن اسکینڈل کیس کے سلسلے میں ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ای ڈی نے فاروق عبداللہ، جو جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر ہیں، کے نام ایک بار پھر سمن جاری کرتے ہوئے انہیں ایجنسی کے دفتر پر حاضر ہونے کے لئے کہا تھا۔قبل ازیں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے عہدیداروں نے پیر کے روز فاروق عبداللہ سے کم از کم چھ گھنٹوں تک پوچھ گچھ کی اور پریونشن آف منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت ان کا بیان ریکارڈ کیا۔فاروق عبداللہ گذشتہ برس جولائی میں چندی گڑھ میں واقع ای ڈی کے دفتر میں حاضر ہوئے تھے جہاں ان سے پوچھ گچھ کی گئی تھی اور ان کا بیان ریکارڈ کیا گیا تھا۔قابل ذکر ہے کہ کرکٹ اسکینڈل کیس کی تحقیقات مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کررہی ہے ۔ اس نے 16 جولائی 2018ء کو کیس میں چارج شیٹ چیف جوڈیشل مجسٹریٹ سرینگر کی عدالت میں فائل کی تھی۔
