کرکٹ سے دور رہنا ہراسانی سے کم نہیں تھا:پرتھوی

   

نئی دہلی۔22 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) آئی پی ایل ٹیم دہلی کیپٹلس کے نوجوان اوپنر پرتھوی شا کے لئے ڈوپنگ کے سبب ان پر لگی پابندی کے وقت کرکٹ سے دور رہنا کسی اذیت سے کم نہیں تھا۔20 سالہ نوجوان نے دہلی کیپٹلس کے ساتھ انسٹاگرام سیشن پر بات چیت کے دوران کرکٹ سے دور رہنے کے اپنے درد کو بیان کیا ۔ پرتھوی کو2019 میں ڈوپنگ پابندی کے سبب کئی ماہ تک کرکٹ سے دور رہنا پڑا تھا۔اس وقت کے تجربے کو یاد کرتے ہوئے پرتھوی نے کہا کہ یہ میری غلطی تھی اور کرکٹ سے دور رہنے کا وقت کسی ہراسانی سے کم نہیں تھا۔سوالات اور شک اٹھے تھے لیکن میں نے اپنا اعتماد برقرار رکھا۔میں نے کچھ وقت لندن میں گزارا جہاں میں نے اپنا وقت اپنی فٹنس پر صرف کیا کیونکہ مجھے کہیں بھی بیٹنگ کرنے کی اجازت نہیں تھی۔نوجوان شا نے کہا کہ جب پابندی ختم ہوگئی میں گھریلو کرکٹ میں واپس آیا اور تب میں پہلے سے زیادہ خود کو ثابت کرنے کے لئے بے چین تھا۔ میں نے جب بیٹ اٹھایا تو میں نے محسوس کیا کہ میری فارم میں کوئی فرق نہیں آیا ہے ۔اس وقت نے مجھے پہلے سے زیادہ پرعزم بنایا۔ پرتھوی نے آئی پی ایل کے 2019 سیزن کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس رکی پونٹنگ سر، دادا سورو گنگولی اور محمد کیف سر تھے جو ہماری مدد کر رہے تھے ۔