ممبئی ۔25 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) کرکٹ لیجنڈ سچن تنڈولکر نے آج کہاکہ اگر آپ کو کرکٹ سے صحیح طورپر لطف اندوز ہونا ہے تو اس کیلئے اچھی پچ ہونا ضروری ہے ۔ تنڈولکر نے اتوار کو بیان دیا کہ 22 گز کی طویل پٹی دراصل اس کے اچھی ہونے کی دلیل ہے ۔ انھوں نے اپنے بیان کو تقویت دینے کیلئے گزشتہ ہفتہ لارڈس پر کھیلے گئے ایشیز ٹسٹ کی مثال پیش کی جہاں پر اسٹیو اسمتھ اور جوفرا آرچر کا سخت مقابلہ ہوا تھا ۔ انھو ںنے کہا کہ کرکٹ ٹسٹ کا قلب دراصل اُس کی سطح ہے جہاں پر وہ کھیلا جارہا ہے اور اگر آپ اچھے پچس تیار کرتے ہیں تو نہ تو میاچ غیردلچسپ ہوگا اور نہ ہی شائقین اُکتا جائیں گے ۔ تنڈولکر نے کہا کہ آرچر اور اسمتھ کے درمیان جو دلچسپ مقابلہ آرائی ہوئی جس میں ایک خراب باؤنسر بھی ڈالا گیا اس سے شائقین نے بھرپور مزہ اُٹھایا اور خوب لطف اندواز ہوئے ۔ بدقسمتی سے اسمتھ اس میں زخمی بھی ہوگئے جس کے باعث کرکٹ میاچ کی روح مجروح تو ضرور ہوئی لیکن ٹسٹ میچ دلچسپی سے خالی نہ تھا کیونکہ جوفرا آرچر نے اُن کو چیلنج کیا تھا ۔ حالانکہ اس میچ میں دیڑھ دن ضائع ضرور ہوا لیکن ٹسٹ میچ کا آخری دن بہت دلچسپ رہا کیونکہ انگلینڈ نے اُن قیمتی وکٹوں کو حاصل کرلیا جس پر آسٹریلیا کی جیت کا دارومدار تھا ۔ سچن نے کہاکہ چار پانچ ہفتے کھیلے گئے ورلڈ کپ کو عوام نے بُھلا دیا اور اب عوام میں صرف ٹسٹ کرکٹ موضوع بحث ہے ۔