حیدرآباد ۔ شہر میں کرکٹ پر سٹہ بازی کے ایک ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے ٹاسک فورس پولیس نے علاقہ افضل گنج میں ایک مکان پر دھاوا کرتے ہوئے دو سٹہ بازوں کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 30 سالہ پروین اگروال ساکن بہادر پورہ جس کا تعلق راجستھان سے ہے اپنے ایک ساتھی 29 سالہ لکھن سردا ساکن گولی گوڑہ جس کا تعلق مہاراشٹرا کے ضلع شعلہ پور سے ہے شہر میں کرکٹ پر سٹہ بازی کا ریاکٹ چلارہا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ مذکورہ افراد طویل عرصہ سے کرکٹ پر سٹہ بازی کا کاروبار چلارہے تھے اور حالیہ دنوں راجستھان سے تعلق رکھنے والے ایک بڑے بوکی نانک سے ان کا رابطہ ہوا اور دونوں نے شہر میں سٹہ بازی شروع کی ۔ پولیس نے مزید بتایا کہ جاریہ بگ بیاش جو آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں کھیلے جارہے ہیں پر سٹہ کی بولی وصول کررہے تھے ۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر نارتھ زون ٹاسک فورس ٹیم نے گولی گوڑہ میں دھاوا کرتے ہوئے مذکورہ سٹہ بازوں کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے 50 ہزار نقد رقم ، ٹیلی ویژن سیٹس وغیرہ ضبط کرتے ہوئے انہیں افضل گنج پولیس کے حوالے کردیا ۔